ایشیائی بینک کا اشتراک سندھ حکومت کا صوبے میں روڈ نیٹ ورک ماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ

ہر ضلع کا روڈ ماسٹر پلان بنے گا، سڑکوں کی تعمیر و مرمت مجوزہ ماسٹر پلان کے ذریعے ہی ہو گی۔


وکیل راؤ April 23, 2019
مجوزہ ماسٹر پلان بننے کے بعد سندھ میں روڈ نیٹ ورک کی کوئی بھی ترقیاتی اسکیم سیاسی سفارش پر بجٹ میں شامل نہیں کی جا سکے گی۔ فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے صوبے میں روڈ نیٹ ورک ماسٹرپلان بنانے کا فیصلہ کیا ہے ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا مجوزہ منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مکمل ہوگا، روڈ ماسٹر پلان 2040 کے ذریعے پہلی مرتبہ صوبہ سندھ میں موجود شاہراہوں کا سروے کیاجائے گا۔

محکمہ ورکس اینڈ سروسز سندھ نے پہلی مرتبہ صوبے میں روڈ نیٹ ورک ماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں روڈ ماسٹر پلان 2040کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مکمل کیاجائیگا۔

مجوزہ ماسٹر پلان اپنی نوعیت کا پہلا دستاویزی کام ہوگا جو سندھ میں ہوگا روڈ نیٹ ورک ماسٹر پلان میں سندھ کے تمام اضلاع میں موجود قومی شاہراہوں ،لنک روڈز اور ہائی ویز کا سروے کیاجایگا خود کار اور جدید مشینوں کے ذریعے سندھ بھر کی سڑکوں کا ڈیٹا مرتب کیاجائیگا اور ہر ضلع میں موجود سڑکوں کی اہمیت ،موجودہ حیثیت کا تعین بھی ہوگا جبکہ اپنی نوعیت کے اس منفرد منصوبے میں سندھ کی تمام سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور توسیع کے حوالے سے اس ماسٹر پلان میں تفصیلات درج کی جائیں گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع ہونے والے روڈ ماسٹرپلان 2040کا سندھ کے ضلع سکھر سے آغاز کردیا گیا ہے اور دبئی سے جدید مشینری پہنچادی گئی ہے جس نے ابتدائی کام شروع کردیا ہے۔

اس حوالے سے سندھ کے وزیر ورکس اینڈ سروسز ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ روڈ ماسٹر پلان پہلی مرتبہ سندھ میں بنایا جارہاہے اور ملک کے کسی دوسرے صوبے میں اس ضمن میں کام نہیں ہوا، انھوں نے بتایا کہ اس ماسٹر پلان کی تیاری اور تکمیل کے زریعے سب سے بڑا کام سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور توسیع کے منصوبوں میں شفافیت آئے گی، ماسٹر پلان میں موجود ڈیٹا کی بنیاد پر تعین ہوگا کہ صوبے کے کس ضلع میں کون سی سڑک کی تعمیر کی ضرورت ہے اور کونسی مرمت کے قابل ہے۔

مجوزہ ماسٹر پلان کی تیار ی کے بعد سندھ میں نئی سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور توسیع کے حوالے سے وزیراعلی سمیت تمام وزرا ارکان اسمبلی کے صوابدیدی اختیارات ختم ہوجائیں گے اور روڈ نیٹ ورک کی کوئی بھی اسکیم ماسٹر پلان کے ڈیٹا کے بغیر نہیں ہوگی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع کیے گئے روڈ ماسٹرپلان 2040کے تحت سندھ کے تمام اضلاع میں نئی سڑکوں کی تعمیر کا جائزہ بھی لیاجائے گا، جدید مشینری کے زریعے ہونیوالے اس سروے میں مرحلہ وار تمام اضلاع کو شامل کیاجائیگا پہلے مرحلے میں ماسٹر پلان پر سکھر سے کام کا آغاز ہوگیا ہے۔

اگر مجوزہ ماسٹر پلان منصوبہ مکمل ہوگیا تو سندھ میں روڈ سیکٹر میں جدت کے ساتھ شہروں اور دیہات کے درمیان مسافت بھی کم ہوگی اور نئی شاہراہوں کے ساتھ مختلف اضلاع و علاقوں کے درمیان نئے راستوں کی تعمیر کا کام بھی جدید انداز میں ہوگا ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع کیے گیے اس منصوبے میں محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے انجینئرز اور سروئیرز کی تربیت بھی شامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں