ٹیم بدلنے پر بھی حالات نہ بدلے تو کپتانی پر سوال اٹھے گا تجزیہ کار

تحریک انصاف کو آسان وکٹ ملی تھی لیکن اس کے باوجود یہ ہٹ وکٹ ہو گئے

ایاز خان، سعد محمد، عامر الیاس رانا، فہد حسین، طاہر اشرفی، ایکسپرٹس میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

روزنامہ ایکسپریس کے گروپ ایڈیٹر ایاز خان نے کہا کہ ڈیڈ وکٹ کی پربلم یہ ہوتی ہے کہ وہاں بال سیدھی سیدھی آتی ہے نہ ٹرن ہوتی ہے اور نہ ہی اسپن ہوتی ہے، جب کوئی بیٹس مین اس پربھی پرفارم نہ کر سکے تو کپتان کا فیصلہ بالکل صحیح ہوتا ہے کہ اسے بدل دے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام '' ایکسپرٹس'' میں میزبان نبیلہ سندھو سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان پر اس لیے تنقید ہو رہی ہے کہ آپ نے اپنا اسٹار بیٹسمین سائیڈپر بٹھا دیا ہے تو اب کس پر بھروسہ کریں گے۔ اگر 6 مہینے بعد حالات بہتر ہو گئے تو ہم عمران خان کے فیصلے کی تعریف کر رہے ہونگے لیکن اگر حالات بہتر نہ ہوئے اور مزید خراب ہوگئے توٹیم پربات نہیں رہے گی بلکہ کپتان کوجواب دینا ہوگاکہ آپ نے ٹیم تبدیل بھی کرلی آپ اسٹار بیٹس مین کوبھی باہربٹھاکر نیا لے آئے پھربھی حالات بہتر نہیں ہوئے تب کپتان کی اہلیت اورکپتانی پر سوال اٹھے گا پھرلوگ کہیں گے کہ آپ ہٹ جائیں کیونکہ آپ کپتانی کے اہل نہیں ہیں ٹیم تو آپ نے بدل کربھی دیکھ لیا اس سے فرق نہیں پڑا۔

بریگیڈیئر (ر) سعدمحمدنے کہا کہ عمران خان جوکرکٹ کی اصطلاحات استعمال کرتے ہیں ان پر کئی اعتراضات ہوسکتے ہیں۔


عامر الیاس رانا نے کہا کہ جو مشیر خزانہ انھوں نے لگائے ہیںان کیخلاف انھوں نے لاہور میںتاریخی جلسے میں پیپلز پارٹی کے خلاف تقریریں کرتے ہوئے کہا تھاکہ چور ہیں کرپٹ ہیں، جو سارے کارنامے مشیر خزانہ نے سرانجام دیے تھے وہ آج اگر سرانجام دیں گے تو کل آنے والے کیاکہیں گے۔ سوال یہ پیداہوتا ہے کیا وہ قابل ہیں یا شوکت عزیزکی طرح ہیں کہ جب تک اقتدار ہے پاکستان ہے ورنہ بعد میں دبئی میں جاکر کسی کمپنی میں حصہ داربن جائیں گے مشیر خزانہ ٹیکنو کریٹ ہیں بے شک وہ تجربہ کار ہیں وہ عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں وہ آئی ایم ایف کو ایک اچھا پیکیج بناکر دے دیں گے کہ ہم آپکی ریکوری کروادیں گے، انھیں پتہ تھاکہ اسد عمر اپناملک صحیح نہیں چلا سکے وہ ہمارے پیسے کیسے ریکور کروائیں گے۔

سینئر تجزیہ کار فہد حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بہت آسان وکٹ ملی تھی اپوزیشن مقدمات بھگت رہی تھی سول ملٹری کے بارے میں کہا جا رہاہے کہ ایک پیج پر ہیں انھیں بہت کھلی فیلڈ ملی تھی لیکن اس آسان وکٹ پر بھی یہ ہٹ وکٹ ہوگئے ہیں انھوں نے اپنا ہی بلا وکٹوں پرمار دیا ہے جس کی وجہ سے ان کے چند وزراء آؤٹ ہو چکے ہیں سوال یہ ہے کہ نئے آنے والے کریز پرجم سکتے ہیں کیا وہ نروس ہوکر بیٹنگ کریں گے یااچھا دفاع کرکے بہتر کھیلیں گے۔

مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم کو احساس ہوگیا ہے کہ جذباتی نعروں اورجذباتی باتوں سے کام نہیں چلے گا۔
Load Next Story