کراچی میں مئی اور جون کے دوران ہیٹ ویو کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی 3 روز قبل پیش گوئی کے لیے ہیٹ ویو سینٹر فعال کردیا

شہر میں درمیانے درجے یا پھر شدید نوعیت کا ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیداہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

محکمہ موسیات نے شہر میں مئی اور جون کے مہینے میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا عندیہ دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نےمئی اور جون کے مہینوں میں شدید گرمی کے نتیجے میں ہیٹ ویو کی شکل میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، چیف میٹرولوجسٹ کراچی عبدالرشید کا کہنا ہے کہ مئی اور جون کے مہینوں میں ہیٹ ویو (گرمی کی شدید لہر) کے امکانات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں، اور رواں سال بھی سمندر میں ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے ہیٹ ویو کے امکانات موجود ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق ہیٹ ویو کے حوالے سے حتمی خبر تو مئی میں دی جاسکتی ہے، تاہم اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ مئی اور جون کے مہینے میں شہر میں درمیانے درجے یا پھر شدید نوعیت کا ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیداہوسکتی ہے۔


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مئی اور جون میں سمندر میں ٹروپیکل سائیکلون بن سکتے ہیں،اورمئی کے مہینے میں اگر سمندرمیں کوئی غیر معمولی سرگرمی پیدا ہوتی ہے،تو پھر ہیٹ ویو کا سبب بننے والی علامتوں کا خطرہ بڑھ جائے گا، شدید گرمی کی 3 روز قبل پیش گوئی کے لیے محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو سینٹر فعال کردیا، جو اگلے 6 ماہ تک متحرک رہے گا۔

جناح اسپتال شعبہ ایمرجنسی کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے پیش نظر تمام تر ہنگامی اقدامات کرلیے ہیں، جن میں 50 بستروں پر مشتمل ایک خصوصی وارڈ کا قیام بھی ہے،جس میں ٹھنڈک کے غیر معمولی (چلرسسٹم نصب ہے) یہ 50 بسترشعبہ ایمرجنسی کے 150 بیڈز کے علاوہ ہیں۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق لو لگنے سے محفوظ رہنے کے لیے مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال،گرمی میں مشقت سے پرہیز،شدید گرمی میں 10 بجے شام 4 بجے تک باہر نکلنے سے گریز کریں، ہلکے رنگوں کے کپڑے زیب تن کریں، جب کہ ہر ممکن حد تک تیز دھوپ میں چھتری کا استعمال بھی کریں۔
Load Next Story