کسٹمز نے 35 ارب کی 10 ہزار ٹن اسمگل شدہ اشیا تلف کر دیں

شراب، منشیات، غیرملکی سگریٹس، چھالیہ انڈین گٹکا اور ہیروئن بنانے کا کیمیکل ایسٹک ہائیڈرائیڈ شامل


Staff Reporter April 26, 2019
شراب، منشیات، غیرملکی سگریٹس، چھالیہ انڈین گٹکا اور ہیروئن بنانے کا کیمیکل ایسٹک ہائیڈرائیڈ شامل۔ فوٹو: فائل

انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت ضبط کی جانے والی ممنوعہ اشیا جن میں شراب منشیات غیرملکی سگریٹس چھالیہ انڈین گٹکااور ہیروئن کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیکل ایسٹک ہائیڈرائیڈ کی ایک بڑی مقدار پاکستان کسٹمز پریونٹیو نے سپرہائی وے سے متصل رینجرز شوٹنگ رینج کے مقام پرتلف کر دی۔

محکمہ کسٹمزکے تحت منعقدہ تقریب کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے ممبرکسٹمز ایف بی آر جواد آغا نے کہا کہ پاکستان کسٹمز نے جولائی تا مارچ 2019 کے دوران انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت ضبط کی جانے والی 3.5 ارب روپے مالیت کی 10ہزارٹن سے زائدکی ممنوعہ اسمگل شدہ اشیا کو تلف کردیاہے ان اشیا میں ہیروئن کی تیاری میں استعمال ہونے والاکیمیکل21.7میٹرک ٹن ایسیٹک این ہائیڈرائڈ شامل ہے جس سے500ٹن ہیروئن تیار ہو سکتی ہے۔

پاکستان کسٹمزکی انسداداسمگلنگ سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں اوران سرگرمیوں میں اضافے کے باعث اب محکمہ کسٹمزسال میں ایک کے بجائے 3 بارضبط شدہ اشیا کو بڑے پیمانے پرتلف کررہاہے۔

پاکستان کسٹمزنے رواں سال جولائی تامارچ کے دوران35فیصد کے اضافے سے 23.5 ارب روپے کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کیں اور رواں سال 41 کروڑروپے کے مساوی اسمگل شدہ غیرملکی کرنسی کواسٹیٹ بینک میں جمع کرایاگیا۔

تلف کی جانے والی اشیا میں 600 ٹن چھالیہ،60ہزار شراب کی بوتلیں ،نشہ آور دوائیں،2 ٹن گٹکا،11لاکھ سگریٹ کے ڈنڈے،21.7 ٹن ایسیٹک ہائیڈرائیڈ شامل ہے۔

ایک سوال پرانھوں نے بتایاکہ محکمہ کسٹمزتلف کرنے سے قبل ضبط شدہ اشیاکی تمام انوینٹریز کاآڈٹ اورلیب ٹیسٹنگ کراتاہے۔ایک اور سوال پر جواد آغانے بتایاکہ کسٹمزانٹیلی جنس میں ضبط شدہ اشیا کی تلفی سے قبل تبدیلی کا اسکینڈل منظرعام آنے کے بعدتحقیقات جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں