راجن پور میں دو قبیلوں میں مسلح تصادم 6 افراد جاں بحق

دونوں قبیلوں کے درمیان لڑائی موٹرسائیکل کے تنازعے پر شروع ہوئی، پولیس

جاں بحق ہونے والے 2 افراد کی شناخت شہباز اور کریم کے ناموں سے ہوئی ہے ،پولیس۔ فوٹو: فائل

تحصیل روجھان کچہ کے علاقے میں دو قبیلوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان کچہ کے علاقے میں دو قبیلوں کے مابین مسلح تصادم میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔


پولیس کے مطابق دونوں قبیلوں کے درمیان موٹرسائیکل کے تنازعے پر تلخ کلامی ہوئی جو پہلے ہاتھا پائی اور پھر فائرنگ میں تبدیل ہوگئی جس سے موقع پر ہی 2 افراد جاں بحق اور 7 افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں قتل ہونے والے افراد کی شناخت شہباز اور کریم کے ناموں سے ہوئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے، پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ہے تاہم حالات پر قابو نہیں پایا جاسکا جب کہ دوسری جانب زخمی ہونے والے مزید 4 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں اور فائرنگ کے تبادلے میں اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

 
Load Next Story