عوام سے کیا گیا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ ہر صورت پورا کریں گے شہباز شریف

وزیراعلیٰ نے قائداعظم سولر پارک کے امور چلانے کے لئے علیحدہ کمپنی بنانے کی بھی منظوری دے دی۔


ویب ڈیسک August 21, 2013
پاکستان میں کئی ملکی اور غیرملکی کمپنیاں بجلی کے حصول کے منصوبے لگانے کیے لئے تیار ہیں، شہبازشریف فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام سے کیا گیا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ ہر صورت پورا کریں گے، ایک سال کے دوران ایک ہزار میگاواٹ کا حصول ہدف ہونا چاہیے۔

وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت پنجاب انرجی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، چیرمین منصوبہ بندی و ترقیات، کوآرڈی نیٹر برائے توانائی شاہد ریاض گوندل، عائشہ غوث پاشا، وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں پنجاب انرجی کونسل کے لئے علیحدہ سیکرٹریٹ بنانے کی سمری منظورکرلی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب نے توانائی کے منصوبوں میں ہر صورت سبقت لینی ہے، ہمیں متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے راستے تیزی سے تلاش کرنا ہوں گے. انہوں نے کہا کہ ترقی کے لئے توانائی کا حصول خاصی اہمیت رکھتا ہے، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے قائداعظم سولر پارک کے امور چلانے کے لئے علیحدہ کمپنی بنانے کی منظوری دیتے ہوئے ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے لئے این ٹی ڈی سی کو فوراً کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کئی ملکی اور غیرملکی کمپنیاں بجلی کے حصول کے منصوبے لگانے کیے لئے تیار ہیں، اس حوالے سے فنانس کمیٹی کی سربراہ عائشہ غوث پاشا اور سیکرٹری توانائی عثمان باجوہ نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔