کراچی میں ہیٹ ویو کا خلیج بنگال میں طوفان سے کوئی تعلق نہیں ہے محکمہ موسمیات

خلیج بنگال میں بننے والا طوفان پاکستان سے بہت دور ہے، ڈائریکٹر محکمہ موسمیات


Staff Reporter April 28, 2019
خلیج بنگال میں بننے والا طوفان پاکستان سے بہت دور ہے، ڈائریکٹر محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

LONDON: ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں یکم مئی سے آنے والے ہیٹ ویو کا خلیج بنگال میں بننے والے طوفان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ایکسپریس نیوز سے بات چیت کے دوران ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ یہ تاثرقطعی غلط ہے کہ یکم مئی سے 3 مئی کے درمیان آنے والے ہیٹ ویو کا تعلق خلیج بنگال میں بننے والے طوفان کا نتیجہ ہے، وہ سمندری طوفان پاکستان سے بہت دور ہے، ہم پر وہ اس صورت میں اثرانداز ہوسکتا ہے،جب وہ بھارتی ساحلی مقامات کے قریب پہنچ جائے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ آنے والی گرمی کی لہر بننے کی بنیادی وجہ مغربی سسٹم ختم ہونے کے بعد پاکستانی ساحلی علاقوں کا رج آف ہائی پریشر کے زیراثر ہونا ہے جب کہ مئی اور جون کے مہینوں میں مزید ہیٹ ویو کے قوی امکانات موجود ہیں، اگر بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بنتا ہے تو شہر قائد براہ راست متاثر ہوگا۔

ماہرین موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کی نمایاں علامتوں میں ہوا میں نمی کا تناسب دن کے وقت 60 فیصد سے تجاوز کرنے، درجہ حرارت 42 ڈگری سے عبور کرنے جب کہ سمندری ہواؤں کا معطل ہونا شامل ہے،ماہرین کے مطابق اگر سمندری ہوائیں مختصر وقت کے لیے بند ہوتی ہے تو اس کے نتیجے میں پیداہونے والا ہیٹ ویو درمیانے درجے میں شمار ہوتا ہے، مگریہ سلسلہ طول پکڑتا ہے تو پھر وہ ہیٹ ویو شدید اور اونچے درجے کا ہیٹ ویو بن جاتا ہے،جس کے اثرات انسانی جانوں پر ہیٹ اسٹروک کی شکل میں نمودار ہوسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں