سندھ حکومت کی نشوہ کیس پر کمیشن بنانے کی یقین دہانی کرادی والد کا دھرنا ختم
دارالصحت اسپتال میں غلط انجکشن کے باعث انتقال کرجانے والی بچی نشوہ کے والد قیصر علی نے جوہر موڑ پر دھرنا دیا، دھرنے میں ان کے ہمراہ سماجی کارکن جبران ناصر، شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دھرنے کے اختتام پر قیصر علی نے کہا کہ مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب سے ان کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے جس میں انھوں ںے یقین دہانی کرائی کہ انکوائری کمیشن تشکیل دیا جارہا ہے جس کے لیے سپریم کوٹ کے ریٹائرڈ جج کا جلد ہی تعین کرلیا جائے گا۔
قبل ازیں دھرنے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دو مطالبات ہیں کہ ایک تو سپریم کورٹ کے جج کی نگرانی میں کمیشن قائم کیا جائے اور دوسرا اسپتال کے بااثر مالکان کو گرفتار کیا جائے، کل پیر کو ایک وفد کی صورت میں آئی جی سندھ سید کلیم امام سے ملاقات کریں گے جس میں اسپتال کے بااثر مالکان کی عدم گرفتاری پر بات چیت کی جائے گی۔ انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اسپتال کے مالکان ملک سے فرار ہوسکتے ہیں اس لیے ان کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جائیں ،
قیصر علی کا کہنا تھا کہ تمام غیر رجسٹرڈ اسپتالوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، یہ تمام شہریوں کا مشترکہ مسئلہ ہے ، ہماری اطلاعات کے مطابق کراچی میں صرف پانچ اسپتالوں کے پاس ہی لائسنس ہے، کمیشن اتنا بااختیار ہو کہ وہ ایسے تمام غیر رجسٹرڈ اسپتالوں کے خلاف کارروائی کرے ، ہم ایک کاؤنٹر بنارہے ہیں جہاں اس قسم کے متاثرین اپنی تفصیلات جمع کراسکتے ہیں۔
قیصر علی کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں 2 کروڑ 30 لاکھ کی آبادی ہے ڈاکٹروں کی غفلت سے فوت ہونے والے دیگر افراد کے لواحقین سے ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں کہ اٹھ کھڑے ہوں جب تک گھروں سے نہیں نکلیں گے تو کچھ نہیں ہوگا، اگر شہر کے ایک فیصد لوگ بھی گھروں سے نکل آئے تو آئندہ نشوہ جیسا واقعہ نہیں ہوگا۔
احتجاجی دھرنے سے جبران ناصر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہم عید الاضحیٰ کے موقع پر کسی اناڑی کو اپنا جانور ذبح کرنے کے لیے نہیں دیتے تو پھر یہ تو ہمارے بچوں کا معاملہ ہے۔ دھرنے سے اداکارہ ثانیہ سعید، اظفر، ٹیپو، انجلین ملک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔