جہانگیر ترین کا سیاسی کردار افسوسناک رہا ہے حامد خان

اگر بڑے مقدمات میں عمران خان کی وکالت نہ کرتا تو وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہوتے

پنجاب میں بزدار سے بہتر آدمی لانا چاہیے تھا، سینئر رہنما کی ’’ٹو دی پوائنٹ‘‘ میں گفتگو

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما حامد خان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کا سیاسی کردار افسوسناک رہا ہے۔ان جیسے لوگ پارٹی کو ہائی جیک کرنے آتے ہیں۔ انھوں نے ہماری پارٹی کو تقسیم کر دیا ہے۔

وہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ پنجاب میں عثمان بزدار سے بہتر شخص لانا چاہیے تھا۔ عمران خان کو کچھ ہوا تو جہانگیر ترین جیسے لوگ چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ عمران خان کی وکالت نہ کرتا تو اب تک تاریخ کا حصہ بن چکے ہوتے۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''ٹو دی پوائنٹ'' کے میزبان منصور علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایسی بات نہیں ہے کہ گروپ آپس میں لڑ رہے ہیں۔ پارٹی میں 2011 تک کوئی دھڑے بندی نہیں تھی۔


عمران خان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی جماعت میں شمولیت اختیار کرنا چاہتے ہیں۔لیکن وہ پارٹی کے وائس چیئرمین بننا چاہتے ہیں۔ میں نے کہا، ''بسم اﷲ''۔ انھوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پہلے اپنے ساتھ اٹھارہ انیس لوگ لے کر آئے تھے۔ کچھ عرصے کے اندر تین چار کے علاوہ باقی سیاستدانوں کو سائڈ لائن کر دیا۔ صرف اس لیے کہ کہیں یہ ان کے سامنے کھڑے نہ ہو جائیں۔ جہانگیر ترین جیسے لوگ پارٹی کو ہائی جیک کرنے کے لیے آتے ہیں۔

اس سوال پر کہ جہانگیر ترین پارٹی چلا رہے ہیں کہ جواب میں حامد خان نے کہا کہ افسوسناک بات ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ جہانگیر ترین کے جرائم بہت بڑے تھے اور سپریم کورٹ نے سزا کم دی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان بذات خود بہت نیک نیت ، اچھا مزاج ، اچھی سوچ اور فطرت رکھنے والے انسان ہیں۔ ہم عمران خان اور اپنی پارٹی کی کامیابی چاہتے ہیں۔حامد خان نے کہا کہ وہ اگر بڑے مقدمات میں عمران خان کی وکالت نہ کرتے تو وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہوتے۔ اس وقت عمران خان سے بہتر کوئی متبادل رہنما نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بردار کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ پنجاب میں عثمان بزدار سے بہتر آدمی کو لانا چاہیے تھا۔
Load Next Story