ماڑی پور اور صدر میں ٹریفک حادثات 2 افراد ہلاک 11زخمی ہوگئے

صدر کے علاقے میں واقع پاسپورٹ آفس کے قریب ٹریفک حادثے میں نوعمر لڑکا ہلاک ہوگیا

ٹرک اڈے کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار رضوان جاں بحق، صدر میں ہلاک نوجوان کی شناخت نہ ہوسکی۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں نوعمر لڑکے سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ بارش کے باعث پھسلن سے گاڑیاں سلپ ہونے سے 11 افراد زخمی ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق ماڑی پور کے علاقے میں ٹرک اڈے کے قریب گیٹ نمبر 2 پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا ، متوفی کی لاش فوری طور پر ضابطے کی کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت رضوان ولد غلام نبی کے نام سے ہوئی جس کی عمر 22 برس تھی ، پولیس کا کہنا ہے کہ گیٹ نمبر دو کے قریب متوفی اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ عقب سے آنے والی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے وہ ہلاک ہوگیا ، متوفی گارڈن کا رہائشی تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ، صدر کے علاقے میں واقع پاسپورٹ آفس کے قریب ٹریفک حادثے میں نوعمر لڑکا ہلاک ہوگیا ، متوفی کی لاش فوری طور پر ضابطے کی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال پہنچائی گئی۔


پریڈی پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت اکرام ولد اکرم کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 14 برس تھی ، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی علاقے کا ہی رہائشی ہے اور حادثے کے وقت وہ اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکرا گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا ، پولیس کے مطابق فوری طور پر متوفی کے بارے میں مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں ، علاوہ ازیں اسٹیل ٹائون کے علاقے میں علی الصبح پھوار کے باعث سڑک پر پھسلن ہوگئی جس سے سوزوکی الٹ گئی ، حادثے کے نتیجے میں 6 افراد معمولی زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

سپر ہائی وے کے قریب بھی پھسلن کے باعث شہزور ٹرک الٹنے سے 5 افراد معمولی زخمی ہوگئے ، تمام مضروب افراد قریبی اسپتالوں سے طبی امداد کے بعد گھروں کو روانہ ہوگئے اور پولیس کارروائی سے گریز کیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار وہاں پہنچے تو زخمی مرہم پٹی کے بعد جاچکے تھے ۔
Load Next Story