سانحہ بلدیہ ملزم رضوان قریشی نے متحدہ کی 40 رکنی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کے نام بتادیے

ملزم رضوان قریشی لانڈھی، ملیر اور کورنگی کے ڈیتھ اسکواڈ کا انچارج رہا

ملزم رضوان قریشی لانڈھی، ملیر اور کورنگی کے ڈیتھ اسکواڈ کا انچارج رہا (فوٹو: فائل)

لاہور:
ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے ملزم رضوان قریشی کی جے آئی ٹی رپورٹ میں ملزم نے ایم کیو ایم کی 40 رکنی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کے نام بتادیے جسے عدالت نے ریکارڈ کا حصہ بنالیا۔

کراچی سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کمپلیکس کی خصوصی عدالت میں ڈی آئی جی ناصر آفتاب کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی رپورٹ میں ملزم رضوان قریشی کی جے آئی ٹی کے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔


رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ ٹیم میں ملزم عبید کے ٹو، رئیس ماما، صولت مرزا اور دیگر شامل ہیں۔ صولت مرزا کو سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس میں پھانسی دی جاچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملزم رضوان قریشی 1968ء میں کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں پیدا ہوا، ملزم کو 1991ء میں کے ایم سی میں سینٹری سب انسپکٹر کی ملازمت دلوائی گئی، ملزم رضوان قریشی لانڈھی، ملیر اور کورنگی کے ڈیتھ اسکواڈ کا انچارج رہا، ملزم نے صولت مرزا کے ساتھ مل کر متعدد سیاسی جماعت کے کارکنوں، پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی اور بلدیہ فیکٹری کو بھتہ نہ دینے پر آگ لگانے کا پہلی بار انکشاف بھی ملزم رضوان قریشی نے کیا تھا۔

ملزم نے اپنی جے آئی ٹی میں انکشاف کیا ہے کہ ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت نے علی انٹر پرائزز سے 20 کروڑ روپے بھتہ طلب کیا تھا تمام معاملات ایم کیو ایم تنظیمی کمیٹی انچارج حماد صدیقی اور فاروق سلیم دیکھ رہے تھے۔ جے آئی ٹی رپورٹ پراسیکیوٹر کی جانب سے دائر درخواست پر 20 اپریل کو جمع کرائی گئی تھی۔ عدالت نے رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنالیا ہے۔
Load Next Story