ہیلتھ کئیر کمیشن میں کمشنرز کی تعیناتیاں نام وزیر اعلیٰ کو ارسال

2 کمشنرز کی نامزدگی وزیر اعلیٰ کرتا ہے، 7 اراکین کے ناموں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے

کمیشن میں جگہ پانے کیلیے بھاگ دوڑ شروع، سابق سیکریٹری صحت ڈاکٹر سریش کمار بھی شامل۔ فوٹو : فائل

صوبائی حکومت نے سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن میں 9کمشنرزکی ازسرنو تعیناتیوں کے لیے ناموں کی فہرست وزیر اعلیٰ سندھ کوارسال کردی جس میں ایک سابق سیکریٹری صحت کا نام بھی شامل ہے۔

سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن کے انتظامی ڈھانچے میں 9 کمشنرز شامل ہوتے ہیں،کمیشن میں تعیناتیوں کیلیے مختلف ماہرین نے بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے، کمیشن کے پہلے سابق چیئرمین ڈاکٹر ٹیپو سلطان کا نام بھی دوبارہ بطورکمشنر شامل کر لیا گیا ہے جبکہ کمیشن میں اپنی 3 سالہ میعاد مکمل کرنے والے ڈاکٹر ایچ بی میمن نے بھی کمیشن میں دوبارہ کمشنرکی تعیناتی کیلیے بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے۔

اسی طرح کمیشن میں دیگرڈاکٹروں نے بھی اپنی دوبارہ تعیناتیوں کے لیے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرنا شروع کردیا ہے، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن میں 9 کمشنرزشامل ہوتے ہیں جو فیصلہ سازی کے امور انجام دیتے ہیں، ان میں سے2 ناموںکی نامزدگیاں وزیر اعلی سندھ کی جانب سے کی جاتی ہیں۔

بعدازاں 9کمشنرزمیں سے کسی ایک کوہیلتھ کیئر کمیشن کا چیئرمین نامزدکیاجاتا ہے،کمیشن میں چیئرمین اورکمشنروںکوتنخواہیں ادا نہیںکی جاتیں بلکہ وہ فی اجلاس کے انعقاد پر20ہزارروپے مشاہرہ وصول کرتے ہیں، کمشنرزحضرات سال میں جتنے چاہیں اجلاس منعقدکرسکتے ہیں۔ قواعدکے مطابق کمیشن کے 9کمشنررمیں سے ایک ڈاکٹرکوچیئرمین منتخب کیاجاتا ہے۔

چیئرمین کا انتخاب خفیہ ووٹ کے ذریعے عمل میں لایا جاتا ہے لیکن اب چیئرمین کی نامزدگی بھی حکومت سندھ کرے گی ،کمیشن کا چیئرمین مقرر ہونے کیلیے کمشنرہونا لازمی ہوتا ہے جوکمشنر ہوگا وہی کمیشن کا چیئرمین مقررہونے کیلیے بھاگ دوڑ کرسکتا ہے۔


اس وقت سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن میں سابق چیئرمین ڈاکٹر ٹیپوسلطان اورسابق سیکریٹری صحت ڈاکٹر سریش کمار نے بھاگ دوڑ شروع کردی ہے، معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر ٹیپوسلطان کوکمیشن میں دوبارہ کمشنرز کی فہرست میں شامل کرلیاگیا ہے اس لیے انھیں کمیشن کا دوبارہ چیئرمین مقررکیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب سابق سیکریٹری صحت ڈاکٹر سریش کمار بھی کمیشن میں کمشنرنامزدگی کے لیے سرتوڑ کوشش کررہے ہیں تاکہ کمشنرمقرر ہونے کے بعد وہ بھی چیئرمین کمیشن مقرر ہوسکیں۔ دونوں امیدواروں میں کمیشن کا چیئرمین مقرر ہونے کے لیے رسہ کشی جاری ہے۔

وزیراعلی سندھ ڈاکٹر سریش کمارکوکمیشن کا چیئرمین نامزدکرنا چاہتے ہیں، اس رسہ کشی کی وجہ سے 15اپریل کوسندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے 9کمشنرزکی مدت میعاد مکمل ہونے کے بعد بھی نئے کمشنررکے ناموںکااعلان نہیںکیاجاسکا، تاخیر کی وجہ سیاسی مداخلت بتائی گئی ہے۔

ادھر چیف سیکریٹری سندھ نے بھی سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن کی کارکردگی کے حوالے سے پیرکواجلاس طلب کیاتھا تاہم ناگریزوجوہ کی بنا پر اجلاس موخر کردیاگیا۔ اس اجلاس کے ایجنڈے میں کمیشن کی کارکردگی اور سی ای اوکی مدت میں مزید توسیع سمیت دیگر معاملات شامل ہیں اب اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا ۔ اس وقت کمیشن چیئرمین اور کمشنرزکی موجودگی کے بغٖیرکام کررہا ہے۔

سندھ ہیلتھ کئیرکمیشن نے اس بات پر اعتراض کیا ہے کہ اسپتالوں سے ہونے والی شکایتوں سے متعلق درخواستیں کمیشن کو بھیجی جائیں، براہ راست پولیس اسٹیشن پر ایف آئی آر درج نہ کرائی جائے ، ایف آئی آرکمیشن کے ذریعے درج کرائی جاسکتی ہے۔
Load Next Story