حکمراں ڈرون حملے بندکرانے کی صلاحیت نہیں رکھتےقاری عثمان

کچھ لوگ رسمی طور پر ڈرون حملوں کی مخالفت کرکے ہمدردی حاصل کرنیکی کوشش کررہے ہیں

جمعیت علمائے اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نےکہا ہے کہ خدمت انسانی کا دعوے دار امریکا ڈرون حملوں کے ذریعہ بے گناہ انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار رہا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور:
جمعیت علمائے اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ خدمت انسانی کا دعوے دار امریکا ڈرون حملوں کے ذریعہ بے گناہ انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار رہا ہے امریکا کے غلام حکمران ڈرون حملے بند کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ، نیٹو سپلائی بحال کرنے والے قوم کو بتائیں کہ ڈرون حملے بند کیوں نہیں ہوتے ؟


ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد روانگی کے موقع پر جمعیت علمائے اسلام کراچی کے سیکریٹری اطلاعات قاضی امین الحق آزاد ،محمد الیاس اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، قاری محمد عثمان نے کہا کہ دنیا کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل کرنے والا امریکا ایک جانب خدمت انسانی کا دعویٰ کررہا ہے اور دوسری طرف پوری دنیا کے مسلمانوں کے استحصال اور قتل عام کے ساتھ وطن عزیز کے بے گناہ مسلمانوں پر ڈرون حملے کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتار رہاہے لیکن امریکہ کے غلام حکمراں ان ڈرون حملے بندکروانے کی صلاحیت نہیں رکھتے ان حکمرانوں نے امریکا کو خوش رکھنے کیلیے پارلیمنٹ کی متفقہ قراردادوں کو نظرانداز کرکے نیٹو سپلائی بحال کی۔

انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی سفارشات کو نظرانداز اور نیٹو سپلائی بحال کرنے والے اب قوم کو بتائیں کہ ڈرون حملے بند کیوں نہیں ہورہے ہیں؟انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ ظاہر میں ڈرون حملوں اور امریکا کی مخالفت کرکے قوم کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن در پردہ ان کی تمام ہمدردیاں امریکا کے ساتھ ہیں،انھوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ڈروں حملوں میں شہید ہونے والے بے گناہوں کے قتل کے جرم میں امریکا کے ساتھ بے حس حکمران بھی برابر کے شریک ہیں۔
Load Next Story