ہالی ووڈ اداکار کے پاکستانی ہم شکل کی پیٹر ڈنکلیج سے ملنے کی خواہش

میری زندگی اُس وقت تبدیل ہوئی جب ہوٹل مالک کے بیٹے نے میری ایک تصویر فیس بک پر پوسٹ کی، روزی خان


ویب ڈیسک April 30, 2019
میری زندگی اُس وقت تبدیل ہوئی جب ہوٹل مالک کے بیٹے نے میری ایک تصویر فیس بک پر پوسٹ کی، روزی خان (فوٹو: فائل)

ہالی ووڈ کی مشہور ٹی وی سیریز 'گیم آف تھرونز' کے اداکار پیٹر ڈنکلیج کے پاکستانی ہمشکل روزی خان نے ہالی ووڈ اداکار سے ملنے کی خواہش ظاہر کردی۔

اداکار پیٹر ڈنکلیج کا شمار ہالی ووڈ کے مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا ہے جو مشہور امریکی ٹی وی سیریز 'گیم آف تھرونز' میں ' ٹائیرون لینسٹر' کے کردار کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں لیکن 4 فٹ 5 انچ قد کے حامل اس مشہور اداکار کا پاکستانی ہمشکل بھی ان دنوں سوشل میڈیا پر خاصا مقبول ہے۔



پشاور سے تعلق رکھنے والے روزی خان ان دنوں راولپنڈی کے ایک ہوٹل میں بطور ویٹر کام کرتے ہیں جوکہ ہالی ووڈ اداکار پیٹر ڈنکلیج سے نہ صرف مشابہت رکھتے ہیں بلکہ قد و قامت میں بھی یکساں ہیں۔



26 سالہ روزی خان سوشل میڈیا پر اتنے مقبول ہوئے کہ اب وہ ایک اشتہار میں بھی نظر آرہے ہیں۔ اشتہار میں روزی خان کو بالکل 'گیم آف تھرونز کے پیٹر ڈنکلیج کے کردار کی طرح دکھایا گیا ہے حتیٰ کہ اُن کے بال اور لباس بھی ہالی ووڈ اداکار جیسے ہیں۔



روزی خان کا اپنی مقبولیت کے حوالے سے کہنا ہے کہ مجھے کچھ ماہ قبل تک پیٹر ڈنکلیج کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا لیکن میری زندگی اُس وقت تبدیل ہوئی جب ہوٹل کے مالک کے بیٹے نے میری ایک تصویر فیس بک پر پوسٹ کردی اور وہ تصویر اتنی مقبول ہوئی کہ مجھے لوگ پیٹر کے نام سے پکارنے لگے۔


روزی خان نے یہ بھی بتایا کہ لوگوں کی جانب سے مجھے پیٹر پکارنے کی وجہ جاننے کے لیے گیم آف تھرون دیکھی تو اپنی مقبولیت کا اندازہ ہوا اور پھر روز بروز میری شہرت میں بھی اضافہ ہوتا گیا، میری دو خواہش ہیں اول میں فلموں میں کام کرنا چاہتا ہوں اور دوم حقیقی پیٹر ڈنکلیج سے ملنا چاہتا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں