کراچی فائرنگ و لاشیں ملنے کے واقعات میں پھر تیزی مزید16افراد ہلاک

سپرہائی وے،پی آئی بی،گلشن معمار،ریڑھی گوٹھ،لانڈھی سے5،سرجانی سے بلوچستان سے لاپتہ مزید2افرادکی لاشیں ملیں


Staff Reporter August 22, 2013
فوٹو: فائل

کراچی میں فائرنگ اور لاشیں ملنے کے واقعات میں پھرسے تیزی آگئی،بدھ کو تشددکے مختلف واقعات کے دوران16افرادہلاک اور2 پولیس اہلکاروں سمیت10زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سپرہائی وے پرافغان کیمپ کے قریب کئی روزپرانی لاش ملی جس کی عمر تقریباً25سال معلوم ہوتی ہے،فوری طور پر نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے حب ڈیم کے قریب سے2افراد کی لاشیں ملیں،مقتولین کی شناخت ان کی جیبوں سے ملنے والی پرچیوں کی مدد سے 40 سالہ حاجی رزاق اور 35 سالہ پٹھان کے نام سے ہوئی ،رزاق کو مارچ میں چاکیواڑہ کے علاقے سے جبکہ پٹھان کوچند ماہ قبل حب چوکی کے علاقے سے اغواکیا گیا تھا،دونوں کاآبائی تعلق بلوچستان کے علاقے تربت سے ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حاجی رزاق بلوچستان کامقامی صحافی بھی ہے تاہم پولیس نے تصدیق سے گریزکیا۔پی آئی بی کالونی کے علاقے میں مکان سے 60 سالہ اقبال جان کی لاش ملی جوپراسرار طور پر ہلاک ہوگیا ،اقبال جان نابینا تھا اور گھر میں اکیلا رہتا تھا جبکہ فوری طور پر وجہ موت کاعلم نہیں ہوسکا۔سکھن کے علاقے میں ریڑھی گوٹھ سے لاش ملی جس کی شناخت 35 سالہ ذاکر حسین کے نام سے ہوئی جوکہ پراسرار طورپر ہلاک ہوگیاتھا۔

لانڈھی قذافی ٹاؤن سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی عمر تقریباً25 برس ہے ،پولیس کے مطابق اس کی ہلاکت کی وجہ بھی فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی جبکہ جسم پر بظاہر کسی چوٹ کا نشان نہیں ہے۔گلشن معمارسے 25 سالہ سلمان کی لاش ملی جوگلشن معمار کے علاقے اول گوٹھ کارہائشی اور اتوار سے لاپتہ تھا ، مقتول کار پینٹر کا کام کرتاتھا۔گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ اجمیرپرائیڈ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 22 سالہ مظفراشرف جاں بحق ہوگیاجس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال لائی گئی ،مقتول پہلوان گوٹھ کا رہائشی تھا اور بن کباب کی دکان پر کھڑا تھا کہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کانشانہ بن گیا۔سہراب گوٹھ سپر مارکیٹ کے عقب میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 12 سالہ عطاالرحمن اور 45 سالہ محمد یوسف ہلاک جبکہ15 سالہ ارشدخان اور 11 سالہ سجاد زخمی ہوگئے ،مقتولین کی لاشیں عباسی شہید اسپتال جبکہ زخمیوں کو قریبی نجی اسپتال منتقل کیاگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کالعدم تحریک طالبان کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کا نتیجہ ہے ۔



مومن آبادمجاہدکالونی سیکٹر4-Fمیں گھر کے باہرکھڑے46سالہ ظہوراحمدکیانی کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا،مقتول کے ساتھ کھڑے اس کے دوست50سالہ عبدالواحد نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن ملزمان نے اسے بھی فائرنگ کرکے ہلاک کردیا،مقتول ظہور احمدکسٹم انٹیلی جنس میں ملازمت کرتا تھا ،آبائی تعلق راولپنڈی سے تھا جبکہ وہ 7 بچوں کا باپ تھا،مقتول عبدالواحد پیشے کے اعتبارسے مکینک تھا،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔سپرہائی وے پرگنامنڈی کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 35سالہ شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی، مقتول کو 5 گولیاں ماری گئیں ۔بلدیہ سعید آبادمیں یوسف گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے50سالہ ملنگ بلوچ ہلاک ہوگیا۔

مقتول ڈیزل کی خریدوفروخت کاکام کرتاتھا۔اورنگی ٹاؤن کے علاقے پانچ نمبرپر نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 50 سالہ شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔کورنگی صنعتی ایریاکے علاقے پی اینڈٹی سوسائٹی میں مرغی کی دکان پرنامعلوم افرادکی فائرنگ سے35سالہ راناارشدہلاک ہوگیا،مقتول کاآبائی تعلق پنجاب کے علاقے منڈی بہاؤالدین کی تحصیل ملکوال سے تھا۔اورنگی4نمبرمدینہ مسجدکے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار 29 سالہ ابوسفیان اور 40 سالہ عبدالخلیل زخمی ہوگئے،زخمی ہونے والے پولیس اہلکار ماڑی پور تھانے میں تعینات ہیں جوضمنی انتخابات میں اقبال مارکیٹ تھانے کے حدودمیں ڈیوٹی کے لیے آئے تھے۔گارڈن اور عثمان آبادسمیت ملحقہ علاقوں میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں دونوں جانب سے مورچہ بندہوکر فائرنگ کی گئی جس کے باعث پورا علاقہ گونج اٹھاجبکہ مکین گھروں میں محصور ہوگئے۔آخری اطلاعات آنے تک دونوں گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔مچھرکالونی میں فائرنگ سے28سالہ جاوید،30سالہ سلیم،22سالہ شہاب الدین اور27سالہ اسماعیل زخمی ہو گئے،بلدیہ ٹاؤن عابدآبادمیں35سالہ رسول بخش جبکہ کورنگی صنعتی ایریاکے علاقے میں24سالہ دلاورزخمی ہو گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں