وزیراعظم کا مزدوروں کے لیے ’احساس پروگرام‘‘ شروع کرنے کا اعلان

احساس پروگرام کے تحت اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے


ویب ڈیسک May 01, 2019
احساس پروگرام کے تحت اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے (فوٹو: فائل)

وزیر اعظم عمران خان نے یوم مزدور کے موقع پر محنت کشوں کے لیے ''احساس پروگرام'' جاری کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس پروگرام کے تحت مزدور کو سماجی تحفظ فراہم کیا جاسکے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم مزدور پر جاری پیغام میں شکاگو کے مزدوروں کی شاندار جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شکاگو کے محنت کشوں نے اپنے بنیادی حقوق اور سازگار اوقات کے لیے تاریخی جدوجہد کی، آج کا تاریخی دن دنیا بھر کے مزدوروں کے لیے مشعل راہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نبی کریمؐ نے ہمیں میثاق مدینہ دیا جس کے تحت مثالی اسلامی ریاست کا قیام عمل میں آیا، ریاست مدینہ میں اسلامی ریاست کی بنیاد قانون کی حکمرانی پر مبنی رہی، تحریک انصاف نے2 دہائیوں سے زیادہ جدوجہد کی اور پی ٹی آئی کی اس جدوجہد میں انصاف اور مساوات کے اصولوں پر مبنی معاشرے کے تصور کا احساس ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت مزدور کی عظمت پر یقین رکھتی ہے، ملک کی ترقی اور خوش حالی میں محنت کش کا کلیدی کردار ہے، کارکنوں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک منصوبے کا آغاز کرنے جا رہےہیں، آج سے ہم مزدور کے لیے "احساس پروگرام "کا آغاز کر رہے ہیں، یہ پروگرام غربت کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے اہم قدم ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت عام مزدور کو سماجی تحفظ فراہم کیا جاسکے گا، احساس پروگرام کے تحت اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔