ٹیکنالوجی پر مبنی تخلیقی کاروباری آئیڈیاز کا سالانہ میلہ سج گیا

ملکی و غیرملکی سرمایہ کار پاکستانی اسٹارٹ اپس میں دلچسپی لے رہے ہیں، فیصل آفتاب


Business Reporter May 01, 2019
ملکی و غیرملکی سرمایہ کار پاکستانی اسٹارٹ اپس میں دلچسپی لے رہے ہیں، فیصل آفتاب۔ فوٹو: ایکسپریس

ٹیکنالوجی پر مبنی تخلیقی کاروباری آئیڈیاز کا سالانہ میلہ کراچی میں سج گیا ہے جس میں ملک بھر سے منتخب 100باصلاحیت نوجوان اپنے آئیڈیاز سے ملک کو درپیش معاشی، صنعتی ، زرعی، ماحولیاتی اور سماجی مسائل کا موثر حل پیش کر رہے ہیں۔

اسٹارٹ اپ کانفرنس ''مومینٹم 2019'' کی تھیم کارپوریٹائزیشن مقرر کی گئی ہے جس کے تحت پاکستانی کارپوریٹ اداروں کے ساتھ بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور کارپوریشنز کو بھی کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے تاکہ پاکستانی نوجوانوں کے تخلیقی آئیڈیاز کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دیا جاسکے۔

کانفرنس کے پہلے روز گوگل، فیس بک، ایمیزون، مکینزے، آئی بی ایم اور مائیکروسافٹ کے نمائندوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسٹارٹ اپس کے عالمی منظر نامے کے ساتھ پاکستان میں پائے جانے والے امکانات پر روشنی ڈالی، کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی وینچر کیپیٹل انویسٹمنٹ فرمزنے بھی شرکت کی اور اسٹارٹ اپس کا جائزہ لیتے ہوئے انھیں سرمایہ کاری کے حصول کو آسان بنانے کے لیے رہنمائی اور مشاورت فراہم کی۔

لیکسن وینچر کیپیٹل فنڈ نے بھی اسٹارٹ اپس کا جائزہ لیا اس موقع پر لیکسن وینچر کیپیٹل فنڈ کے منیجنگ پارٹنر وینچر کیپیٹل فیصل آفتاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسٹارٹ اپس ایکو سسٹم تیزی سے مضبوط ہورہا ہے اور ملکی و غیرملکی سرمایہ کار پاکستانی اسٹارٹ اپس میں دلچسپی لے رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ لیکسن وینچر کیپیٹل فنڈ نے اب تک 100کے لگ بھگ اسٹارٹ اپس کا جائزہ لیا جن میں سے 7سے 8کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور اب تک ایک اسٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کی جاچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں