کراچی میں ہیٹ ویو کا وار پارہ 42 ڈگری تک چڑھ گیا

جمعرات کو بھی پارہ 40 سے 42 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک May 01, 2019
گرمی کی لہر کے باعث سمندری ہوائیں دن بھر بند رہتی ہیں، محکمہ موسمیات فوٹوفائل

شہر قائد میں ہیٹ ویو کے باعث شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔

کراچی اور گرد و نواح میں ہر گزرتے دن کے ساتھ گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، شہر قائد میں آج سے شروع ہونے والی ہیٹ ویو کی لہر نے لوگوں کو گھروں میں محصور کرکے رکھ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں یکم مئی 2019 کا گرم ترین دن تھا اور درجہ حرارت 42 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 3 مئی تک شہر میں ہواؤں کی سمت تبدیل ہونے کی وجہ سے گرمی کا پارہ بلند رہے گا جب کہ گرمی کی لہر کے دوران سمندری ہوائیں بند رہیں گی۔ بلوچستان کی شمال مغربی سمت کی گرم اور خشک ہوائیں درجہ حرارت میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں اور شمال مغربی ہواؤں میں اندرونِ سندھ کے میدانی علاقوں کی ہوائیں شامل ہونے کی بنا پر گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شدید گرمی کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرقائد میں آج اور جمعرات کو پارہ 40سے 42 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے، تاہم ہواؤں میں نمی کا تناسب کم ہونے کی وجہ سے حالیہ ہیٹ ویو درمیانے درجے کی ہے۔

واضح رہے کہ 3 روزقبل محکمہ موسمیات نے شہرقائد میں شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔