بھارت میں ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں 16 پولیس کمانڈوز ہلاک

کوئیک ریپسپونس ٹیم کی گاڑی کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں اُڑا دیا گیا


ویب ڈیسک May 01, 2019
پولیس اہلکاروں کی گاڑی کو بارودی سرنگ دھماکے میں اُڑادیا گیا۔ فوٹو : فائل

لاہور: بھارت میں ماؤ نواز جنگجوؤں کے حملے میں 16 بھارتی پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاستوں مہاراشٹرا اور چھتیس گڑھ کی سرحد پر اُس وقت بارودی سرنگ کا زوردار دھماکا ہوگیا جب وہاں سے کوئیک ریسپونس ٹیم کے کمانڈوز کی گاڑی گزر رہی تھی جس کے نتیجے میں 15 اہلکار اور ایک ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔

ماؤ نواز باغیوں نے مودی سرکار کی پالیسی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے 27 گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا۔ مذکورہ کارروائیوں میں کالعدم ماؤ نواز تنظیم کے جنگجو ملوث ہیں جس میں دیگر 4 چھوٹی تنظیموں نے حال ہی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

ماؤ نواز جنگجوؤں نے تازہ کارروائی 'ہفتہ شہدا' منانے کے بعد کی جس کے دوران ماؤ نواز باغیوں کے رہنماؤں نے مودی سرکار سے بدلہ لینے کی دھمکی بھی دی تھی۔ ماؤ نواز باغی یہ ہفتہ ریاستی آپریشن کے دوران اپنی تنظیم کے 40 ارکان کی ہلاکت کی یاد میں مناتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ماؤ نواز باغیوں کی ایک کارروائی میں حکمراں جماعت کے رکن اسمبلی سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ محض چند روز بعد ایک اور حملے میں 3 پولیس اہلکار ماؤ نواز جنگجوؤں کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں