احتساب سب کا ہونا چاہیے بلاول کا عید کے بعد پارلیمان کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان

دوغلی پالیسی اب نہیں چلے گی ہم احتساب کے خلاف نہیں مگرنیب گردی نہیں کرنے دیں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی


ویب ڈیسک May 01, 2019
عمران خان نے تسلیم کرلیا کہ اُن کی معاشی ٹیم ناکام ہوچکی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی ۔ فوٹو : فائل

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عید کے بعد پارلیمان کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا ورنہ دما دم مست قلندرہوگا۔

کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ آج یوم مزدور پر قائد آباد میں جمع ہوکر اپنا فرض ادا کررہے ہیں، نئے پاکستان میں مزدور کو لاوارث چھوڑ دیا گیا، مزدور کمر پر گندم کی بوری اُٹھا سکتا ہے لیکن کھا نہیں سکتا، ان محنت کش مزدوروں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، ملک میں مزدور یونین کو کمزور کیا جا رہا ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، ملک میں کسی نے مزدور کا خیال رکھا تو وہ پیپلز پارٹی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مزدور کے جو بھی حقوق ہیں وہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہیں، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں کسانوں کو یونین سازی کا حق ہے جب کہ دوسرے صوبوں کی حکومتوں نے مزدوروں کے لیے کچھ نہیں کیا، یہ کس قسم کی تبدیلی سرکار ہے امیروں کے لئے ایمنسٹی غریبوں کے لئے مہنگائی، بوجھ ڈالنا ہے تو اپنے امیرترین دوستوں پر ڈالیں، جتنا قرض انہوں نے لیا ملکی تاریخ میں نہیں لیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے تسلیم کرلیا کہ اُن کی معاشی ٹیم ناکام ہوچکی ہے، ان کو اس ملک کےعوام سے معافی مانگنی چاہیے، عوام کے 8 ماہ ضائع کر دیے، حکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام اُٹھارہے ہیں، وزیر خزانہ ہٹانے کے بعد انہوں نے خزانہ کی چابی زرداری کے وزیرخزانہ کو دی، ہمارے وزیرخزانہ کو تو لے لیا لیکن ہماری عوام دوست پالیسز نہیں لے رہے کیوں کہ نقل کے لئےعقل چاہیے ہوتی ہے، وزیراعظم نےاعلان کردیا کہ وہ ناکام اور نا اہل ہیں۔


پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے عید کے بعد پارلیمان کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا ورنہ دما دم مست قلندرہوگا، ہم احتساب کے خلاف نہیں احتساب سب کا ہونا چاہیے، جج، جنرل سیاستدانوں سب کے احتساب کے لیے ایک قانون بنایا جائے، دوغلی پالیسی اب نہیں چلے گی ہم احتساب کے خلاف نہیں ہیں مگرنیب گردی نہیں کرنے دیں گے۔


بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے معیشت کی ناکامی، بڑھتی معاشی بدحالی پرعوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ آئی ایم ایف سے کسی خفیہ ڈیل کوہم تسلیم نہیں کریں گے۔ ایم کیوایم والوں نے اپنے قائد سے غداری کی اور کراچی کے لوگوں کولاوارث چھوڑدیا، الطاف حسین کے گناہوں کی سزا کراچی کے لوگوں کونہیں دی جاسکتی، تحریک انصاف اورایم کیو ایم دونوں کوکراچی کی حالت کا حساب دینا ہوگا۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں