ویمنز کرکٹ پاکستان کا جنوبی افریقہ میں پر اعتماد آغاز

گرین شرٹس پہلے ٹور میچ میں نارتھ ویسٹ انڈر17 ٹیم کیخلاف 136رنز سے کامیاب، عالیہ ریاض کی آل راؤنڈ پرفارمنس


Sports Desk May 02, 2019
پاکستانی بیٹس ویمن عالیہ ریاض نے جنوبی افریقہ میں ابتدائی ٹور میچ میں ففٹی اسکور کی، گرین شرٹس مقابلہ 136رنز سے جیت گئیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کے مشکل ٹورکا پراعتماد آغازکرلیا اور پہلے پریکٹس میچ میں نارتھ ویسٹ انڈر 17 کے خلاف 136 رنز سے کامیابی سمیٹ لی۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کے مشکل ترین دورے کا پراعتماد آغاز کردیا ہے، پہلے پریکٹس میچ میں اس کا سامنا نارتھ ویسٹ انڈر 17 ٹیم سے ہوا، جس میں پاکستان کی کچھ پلیئرز اور دوسرے کھلاڑی بھی شامل تھے۔

گرین شرٹس خواتین نے اس مقابلے میں باآسانی 136 رنز کی فتح سمیٹی ، 233 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والی حریف ٹیم کی نمائندگی کرنے والی جویریہ رؤف بغیر کھاتہ کھولے دوسرے ہی اوور میں آؤٹ ہوگئیں، عالیہ ریاض کی گیند پر لوہارڈ وان رینسبرگ نے 3 رنز پر کائنات امتیاز کو کیچ تھمادیا۔ محمد سیدات کو عالیہ ریاض نے کھاتہ نہیں کھولنے دیا۔

والڈو کیمپ کو 25 کے انفرادی اسکور پر ثنامیر نے بولڈ کیا، سالیب سیلیکاکو 21 کے انفرادی اسکور پر وکٹ کیپر سدرہ نواز نے اسٹمپ کیا، کامیاب بولر ندا ڈار تھیں۔ ہانوسوانیپوئیل کو 20 رنز پر نشرح ساندھو نے ایل بی ڈبلیو کیا، باقی کوئی بھی نمایاں پرفارمنس سامنے نہیں آئی، اس طرح پوری ٹیم 27.3 اوورز میں 96 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ نشرح ساندھو نے 3 جبکہ عالیہ ریاض اور ندا ڈار نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم کی پہلی وکٹ گیارہویں اوور میں گری جب اوپنر ناہیدہ خان 31 بالز پر صرف 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں، انھیں میتھی نے ایل بی ڈبلیو کیا، سدرہ امین بھی میتھی کا شکار ثابت ہوئیں۔ انھوں نے 48 بالز پر 7 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے، جویریہ خان نے 29 گیندیں کھیل کر صرف 12 رنز جوڑے اور رامین شمیم کی وکٹ بن گئیں۔

کپتان بسمہ معروف نے کروس کی گیند پر آؤٹ ہونے سے قبل 43 بالز پر 39 رنز اسکور کیے جس میں 4 چوکے بھی شامل تھے۔ ندا ڈار (13) کو سیدات نے جویرہ راؤف کی مدد سے پویلین واپس بھیجا۔ ام سہیل نے 16 رنز بناکر رامین شمیم کی گیند دوبارہ ان کے ہی ہاتھوں میں اچھال دی، عالیہ ریاض نے 68 بالز کا سامنا کرتے ہوئے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے، جس میں 7 چوکے شامل تھے۔ انھیں ہانوسوانیپوئیل نے وان رینسبرگ کا کیچ بنوایا۔

آخری اوور کی دوسری گیند پر کائنات امتیار صرف 3 رنز بناکر ہانوسوانیپوئیل کی گیدن پر وکٹ کیپر ٹکوئی کا کیچ بن گئیں، ثنامیر 25 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں، گرین شرٹس نے 8 وکٹ پر 232 رنزاسکورکیے، ہانوسوانیپوئیل، میتھی اور رامین شمیم نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں