فالج زدہ شیروں کو میٹھی موت کا انتظار

ممکنہ عوامی ردعمل کی وجہ سے شیروں کو مارنے کے فیصلے میں مسلسل تاخیر ہورہی ہے


May 02, 2019
مجموعی طور پر 4 شیر جن میں 2 نر اور 2 مادہ تھیں فالج کا شکار تھے فوٹو: ایکسپریس

سفاری پارک میں تین سال سے فالج کا شکار افریقن نسل کے شیر اور شیرنی کو میٹھی موت دینے کی سمری منظوری کے بعد کمیٹی کو واپس بھیج دی ہے تاہم انتہائی اذیت میں مبتلا شیروں کے اس جوڑے کو میٹھی موت دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کب ہوگا،یہ فیصلہ ابھی تک نہیں ہوسکا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہورسفاری پارک انتظامیہ اور وائلڈ لائف حکام کو شیروں کی موت کی حوالے سے سوشل میڈیا پر عوام کے سخت ردعمل کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے ان شیروں کو میٹھی موت دینے کے فیصلے میں مسلسل تاخیر ہورہی ہے۔



لاہور سفاری پارک کے ڈپٹی ڈائریکٹرچوہدری شفقت علی نے اس حوالے سے بتایا کہ ان کے پاس مجموعی طور پر 4 شیر جن میں 2 نر اور 2 مادہ تھیں فالج کا شکار تھے۔ ایک جوڑا جو کم بیمار تھا مسلسل علاج اور دیکھ بھال کی وجہ سے ان کی صحت میں بہتری آنا شروع ہوگئی تھی جس کی وجہ سے موجودہ فالج زدہ جوڑے کو میٹھی موت دینے کا فیصلہ روک لیا گیا تھا اور ان کے مزید ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کے بعد ہم نے دو مختلف لیبارٹریوں سے ان کے خون کے ٹیسٹ کروائے، ان کے ایکسرے کروائے گئے۔ مگر نئی رپورٹس میں بھی ان کے علاج کے حوالے سے کوئی بہتری نہ آسکی جس پر علاج کے لیے بنائی گئی کیمٹی نے اپنی سفارشات دوبارہ سیکرٹری جنگلات وجنگلی حیات کو بھیج دیں تھیں۔ جس میں کہا گیا تھا کہ شیروں کے اس جوڑے کا علاج ممکن نہیں ہے۔ ان سفارشات کی بنا پر ایک بار پھر اس جوڑے کی کلنگ کی اجازت دے دی گئی ہے۔

چوہدری شفقت علی نے کہا کہ بہت جلد اس فیصلے پر عمل درآمد ہوجائے گا، دوسری طرف سفاری پارک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ عوامی ردعمل کے خوف سے یہ فیصلہ نہیں کر پارہی ہے اور اس جوڑے کی طبی موت مرنے کا انتظارکیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں