کراچی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 4افرادہلاک15 زخمی

سعید آباد میں فائرنگ سے سابق حق پرست یوسی ناظم اور راہگیر خاتون سمیت3 افراد زخمی ہوگئے

سعید آباد میں فائرنگ سے سابق حق پرست یوسی ناظم اور راہگیر خاتون سمیت3 افراد زخمی ہوگئے۔ فوٹو: فائل

لاہور:
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس کانسٹیبل سمیت 4افراد ہلاک جبکہ سابق حق پرست یوسی ناظم سمیت15 افراد زخمی ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق بغدادی کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میمن سوسائٹی خلفائے راشدین مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار پولیس کانسٹیبل45سالہ اظہر ولد غلام قادر ہلاک ہو گیا مقتول کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی ، پولیس کے مطابق مقتول بغدادی پولیس کوارٹر کا رہائشی اور3 بچوں کا باپ تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق گجرات سے تھا ، مقتول گذشتہ20 سال سے زائد عرصہ سے بغدادی تھانے میں بطور انٹیلی جنس افسر کام کر رہا تھا ۔

ذرائع نے بتایا کہ مقتول قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے دہشت گردی کا نشانہ بنا ، گزشتہ کئی ماہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے گینگ وار کے کسی بھی ملزم کو پکڑتے تھے تو کانسٹیبل اظہر کو بلوا کر اس سامنے لے جا کر کے نام اور اس کی وارداتوں کی تصدیق کرتے تھے ، اظہر نے گزشتہ ہفتے ایک پولیس افسر کو کہا تھا کہ اسے شبہہ ہے کہ لیاری گینگ وار کے کچھ لوگ اس کا تعاقب کر رہے ہیں اسے خطرہ ہے اسے مار دیا جائے گا اور اس کا شک کل اس وقت سچ ثابت ہوا جب وہ اپنے گھر سے بچوں کے لیے دودھ لینے کے لیے میمن سوسائٹی جا رہا تھا تو ملزمان نے اسے روک کر سر میں ایک گولی مار دی۔

سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سیکٹر19/Dرانگڑ محلہ میں متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر آفس کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے سابق حق پرست یوسی2 کا ناظم42 سالہ ارشد قریشی ، رفیق اور راہگیر خاتون18سالہ حلیما دختر غلام جعفر زخمی ہو گئی زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی دکانیں اور دیگر کاروبار بند ہو گیا، بلدیہ ٹائون ساڑھے4 نمبر پر کالعدم امن کمیٹی کے دفتر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شعیب بلوچ ولد ابراہیم بلوچ ہلاک جبکہ نواز بلوچ ولد جلال بلوچ زخمی ہوگیا ، امن کمیٹی کے دفتر سے متصل اسلحے کی بھی ایک دکان ہے اور پولیس واقعے کو چھپانے کی کوشش کرتے ہوئے اسلحے کی دکان پر فائرنگ بتاتی رہی۔


علاقہ ایس ایچ او ظفر اقبال نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک و زخمی ہونے والے دونوں افراد اسلحے کی دکان کے باہر سڑک پر کھڑے تھے موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم ملزمان ان پر اندھادھند فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ آپس کے جھگڑے کا شاخسانہ ہے ، آئی سی آئی پل پر نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے3 افراد زخمی ہوگئے ، بغدادی پولیس کے مطابق زخمیوں میں 35 سالہ محمد ایاز ولد محمد قاسم ، 55 سالہ عبدالرشید ولد غلام ملک اور 35 سالہ یونس ولد نور محمد شامل ہیں ، زخمی ایاز الیاس کوچ کا ڈرائیور ہے ، یونس رکشا ڈرائیور اور عبدالرشید راہگیر ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت لیاری میں رینجرز کا آپریشن چل رہا تھا، پی آئی بی کالونی کے علاقے چاندنی چوک پر اسنیپ چیکنگ پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل ذوالفقار علی ولد احمد نوازبکل نمبر 15175 اور فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر اعجاز مسیح ولد منظور مسیح زخمی ہوگیا ، ، نیپئر کے علاقے میں نامعلوم افراد 2 نوجوانوں کو زخمی حالت میں پھینک کر فرار ہوگئے ، پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 137/12 درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ایم اے جناح روڈ پر واقع رمپا پلازہ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 50 سالہ ابراہیم ولد دوست محمد زخمی ہوگیا، عیسیٰ نگری کے علاقے میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے73 سالہ کمال دین ولد وزیر علی زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ۔بلدیہ ٹاؤن نمبر3 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ حضرت اﷲ ہلاک جبکہ سہیل ولد علی مردان اور25 سالہ دانیال ولد اختر حسن زخمی ہو گئے۔

ہلاک و زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا سنی تحریک کے ترجمان فہیم شیخ نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے سنی تحریک کے کارکن تھے جبکہ گلبہار کے علاقے خاموش کالونی لیاری ایکسپریس وے پر گینگ وار کے ملزمان کی جمشید کوارٹر تھانے کی پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ سے ایس ایچ او خشنود جاوید گولی لگنے معجزانہ طور پر بچ گئے تاہم پتھر چہرے پر لگنے سے وہ معمولی زخمی ہو گئے۔

حاجی مردید گوٹھ میں رات گئے تک پولیس کا آپریشن جاری تھا ۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے روزی موڑ ندی کے قریب فائرنگ سے45 سالہ اشرف جاوید ہلاک ہو گیا مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔ ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن شبیر اعوان نے بتایا کہ اشرف جاوید کو شانی نامی شخص نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے۔ دونوں میں ساڑھے3 روپے لین دین کا تنازع تھا۔ پیر آباد کے علاقے بنارس میٹرو سینما کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے25 سالہ فیصل زخمی ہو گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story