کرائسٹ چرچ مساجد حملے کا ایک اور زخمی خالق حقیقی سے جا ملا

زخمی شخص کی حالت نہایت نازک تھی اور وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھے

مساجد حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 51 ہوگئی۔ فوٹو : فائل

نیوزی لینڈ میں مساجد حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص دوران علاج خالق حقیقی سے جا ملا جس کے بعد شہداء کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں نماز جمعہ کے وقت دو مساجد پر سفید فام عیسائی بنیاد پرست حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 50 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔


زخمیوں میں سے ایک اور 46 سالہ شخص نے آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرلی، زخمی شخص کی حالت نازک تھی اور وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھا جہاں آج اُن کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔

اہل خانہ نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید شخص کی معلومات ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ کی جانب سے میڈیا کو شناخت بتانے سے معذرت کرلی گئی ہے۔ شہید ہونے والے شخص کی نماز جنازہ آج ادا کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو حملے کے ملزم 28 سالہ آسٹریلوی شہری برینٹن ٹیرینٹ پر 50 افراد کو قتل کرنے اور 38 افراد کے اقدام قتل پر فرد جرم عائد کردی گئی تھی۔
Load Next Story