شادی کا ڈھونگ رچا کر لڑکیاں چین اسمگل کرنے والا ایک اور گروہ  گرفتار

گزشتہ روز گرفتار ہونے والے ملزمان کے انکشافات اور نشاندہی پر چھاپہ مارا گیا، ایف آئی اے ذرائع

گرفتار ملزمان فردوس مارکیٹ لاہور میں رہائش پذیر تھے، ایف آئی اے ذرائع (فوٹو: فائل)

ایف آئی اے نے فردوس مارکیٹ میں کارروائی کے دوران شادی کا ڈھونگ رچا کر لڑکیوں کو چین اسمگل کرنے والا ایک اور گروہ گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے لاہور فردوس مارکیٹ میں مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے مزید ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے جو شادی کا ڈھونگ رچا کر مسیحی لڑکیوں کو چین اسمگل کرتا تھا۔


یہ بھی پڑھیں: مسیحی لڑکیوں کو چین اسمگل کرنے والا گروہ گرفتار

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں کارروائی کے دوران مسیحی لڑکی شمیم کی شادی پر گروہ گرفتار ہوا تھا، گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا تھا کہ فردوس مارکیٹ لاہور میں بھی ایک چینی گروہ رہائش پذیر ہے، نشاندہی پر ہی لاہور میں کارروائی کی گئی تو مزید ایک گروہ کی گرفتاری ہوئی اور مہوش نامی ایک مسیحی لڑکی بھی برآمد ہوئی جسے چین لے جانے کا جھانسہ دے کر دھوکے سے شادی کی گئی تھی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کے خلاف متاثرہ دلہن شمیم کے والد مشتاق کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے، مقدمے میں گروہ سرغنہ انس، چینی خاتون کینڈس نامزد ہیں جب کہ پادری زاہد اور چینی باشندے چانگ سمیت مزید 9 ملزمان بھی مقدمے میں شامل ہیں۔
Load Next Story