بجلی چوروں کیخلاف حیسکو کی 12 اضلاع میں کارروائیاں

2841 کنکشن منقطع، 16 مقدمات درج، 7کروڑ 36 لاکھ روپے جرمانے کی مد میں وصول


Numainda Express August 23, 2013
ٹنڈو محمد خان میں حیسکو کی خصوصی ریکوری ٹیم نے فیض کالونی، بھٹی محلہ اور اولڈ بس اسٹاپ محلہ میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے درجنوں افراد کے کنکشن کاٹ دیے. فوٹو: فائل

حیسکو کی جانب سے ریجن کے 12 اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

حیسکو ترجمان کے مطابق حیسکو کی ریکوری ٹیموں نے ایف آئی اے کی ٹیموں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 2841 بجلی چوروں کے کنکشن منقطع کر کے ان سے 7کروڑ 36 لاکھ 42 ہزار روپوں کا جرمانہ وصول کیا گیا ہے جبکہ ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر 8حیسکو ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے اور بجلی چوروں کے خلاف 16ایف آئی آر درج کرواکر 2 بجلی چوروں کو گرفتار کرایا گیا ہے۔



ٹنڈو محمد خان میں حیسکو کی خصوصی ریکوری ٹیم نے فیض کالونی، بھٹی محلہ اور اولڈ بس اسٹاپ محلہ میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے درجنوں افراد کے کنکشن کاٹ دیے اور بجلی چوری میں استعمال ہونے والا تار تحویل میں لے لیا۔ اس موقع پر حیسکو ٹیم کے سربراہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر محمد فاروق کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 66 بڑے نادہندگان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جو واجبات کی وصولی تک جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے صارفین گھروں میں ایئرکنڈیشنز لگا کر لگژری کے مزے لوٹ رہے ہیں مگر حیسکو کے واجبات ادا کرنے کو تیار نہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے صارفین جن کے بجلی کے میٹر نصب نہیں ہیں۔ ان کے لیے ایکسیئن آفس میں خصوصی کائونٹر قائم کیا گیا ہے۔ نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر ایگزیکٹیو انجینئر حیسکو ٹنڈو محمد خان ڈویژن شاہین عمر، ایس ڈی او ون، رفیق احمد اور ایس ڈی او ٹو امتیاز میمن بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں