باجوڑ میں فورسز اور امن لشکر کی کارروائی 20شدت پسند ہلاک

میرانشاہ میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی پربم حملہ،سوات میں امن لشکرکی جیپ کو بم سے نشانہ بنایا گیا، 6افراد زخمی


News Agencies August 27, 2012
خیبر ایجنسی کے گائوں اچنی بالا میں مارٹر گولہ گرنے سے جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کی جارہی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

باجوڑایجنسی کی تحصیل سلارزئی میں سیکیورٹی فورسز اور امن لشکر کی شدت پسندوں کے خلاف کارروائی اتوارکودوسرے روزبھی جاری رہی،اس کارروائی کے دوران 20شدت پسندہلاک جبکہ جھڑپ میں ایک اہلکار شہید ہوگیا،امن لشکرکے دورضاکاراورایک سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق تحصیل سلارزئی کے علاقے بٹوارہ میں فورسز، امن لشکر اور شدت پسندوں کے مابین جھڑپ میں ایک سیکورٹی اہلکار شہید ، تین زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں امن لشکر کے دو رضا کار ایک سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں جوابی کارروائی میں 20 شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزبھی اسی علاقے میں جھڑپ ہوئی تھی جس میں امن لشکر کے پانچ رضا کار زخمی ہوئے جبکہ 25شدت پسند ہلاک ہو گئے تھے۔

سلارزئی قبائل کی طرف سے عسکریت پسندوں کوعلاقے سے نکالنے اور عسکریت پسندوں کے سرگرمیاں روکنے کیلیے موثرکارروائی شروع کرنے کے سلسلے میں سلارزئی قومی لشکر ایک بار پھر میدان میں آگیا ۔ سلارزئی قومی لشکر نے باٹوار میںمتعدد علاقوں میں عسکریت پسندوں کیخلاف موثر کارروائی شروع اورمختلف علاقوں میں چیک پوائنٹ قائم کردی۔ حکومت کے حامی قبائلی عمائدین کا ایک جرگہ اتوار کو سرحدی علاقہ باٹوار میںمنعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ پو لیٹیکل ایجنٹ جہانگیر اعظم وزیر پو لیٹیکل تحصیلداروں عدالت خان، نازمین خان اورسلارزئی قبائل کے سرکردہ عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

علاوہ ازیں شمالی وزیرستان میں میرانشاہ کی تحصیل میرعلی میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیاگیا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سرکاری ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ شمالی وزیرستان میں کرفیو کے دوران اس وقت کیاگیا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کرفیو کے دوران گشت کررہی تھی بم حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، ادھر سوات کے علاقے کبل قلاگے میں امن لشکر کی جیپ کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جو سڑک کنارے نصب تھا دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں موجود6افراد زخمی ہوگئے،واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسزنے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں