وزیراعظم نے پنجاب میں 800 کیسز کی تحقیقات کی منظوری دے دی

جس نے خزانے کو نقصان پہنچایا اس کے خلاف کارروائی کی جائے چاہئے وہ جتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، عمران خان


ویب ڈیسک May 04, 2019
اینٹی کرپشن افسران آزادانہ کام کریں، کسی قسم کا کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے۔، عمران خان: فوٹو: فائل

PESHAWAR: وزیراعظم عمران خان نے اینٹی کرپشن پنجاب کے 800 کیسز کی تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان لاہور کے دورے پر پہنچے اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اعجاز حسین شاہ نے وزیراعظم سے ملاقات کی، وزیراعظم عمران خان نے لاہور اجلاس میں احتساب سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اینٹی کرپشن پنجاب کے 800کیسز کی تحقیقات کی منظوری دے دی، تحقیقات کی منظوری گریڈ 17 تا 22 تک کے بڑے افسران اور ملازمین کے خلاف بھی دی گئی ہے،

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سیداعجاز حسین شاہ کو ٹاسک سونپتے ہوئے حکم دیا کہ پنجاب میں جو بھی بڑے لوگ ہیں جنہوں نے خزانے کو نقصان پہنچایا ان کے خلاف کارروائی کی جائے، عمران خان نے اینٹی کرپشن افسران کو ہدایت جاری کی کہ آپ آزادانہ کام کریں، کسی قسم کا کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے اعجاز شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرپشن کے ناسور نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اداروں کو تباہ کیا ہے اور عام آدمی کی زندگی کو متاثر کیا ہے، کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، کرپشن کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق و امتیاز کارروائی کو ایک مشن سمجھ کر پورا کیا جائے، حکومت اس ضمن میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے 50 فیصد کیسز پٹواری اور کانسٹیبل تک محدود تھے اور آج تک کسی بڑے پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا، تاہم اب کئی اہم کیسز کی تحقیقات اور بڑے افسران کے خلاف مزید کارروائی کی اجازت مل گئی ہے۔

اعجاز شاہ نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور جس افسر کے خلاف بھی کیس ہو گا اسے پہلے جواب دینے مکمل موقع دیاجائے گا، مکمل انصاف ہو گا، سول سرونٹس میں سب کے ساتھ برابر سلوک ہو گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں