پولنگ اسٹیشنوں پر لڑائی جھگڑے فائرنگ 3 افراد ہلاک

غلام احمد بلور، حسام الدین کھوسہ کے خلاف مقدمات درج، ہنگو میں بم دھماکا


کئی مقامات پر پولنگ معطل، سانگھڑ میں فنکشنل لیگ کے 35مسلح کارکن گرفتار۔ فوٹو: فائل

ملک بھر کے 41 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران بدنظمی، کارکنوں کے درمیان تصادم اور فائرنگ سمیت اسلحہ کی نمائش پر جھگڑوں میں3 افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ون پشاور میں ضمنی انتخابات کے دوران شیخ آباد پولنگ سٹیشن میں اے این پی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جس میں غلام احمد بلور کی بیٹی زمرہ شجاعت زخمی ہو گئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اس پولنگ اسٹیشن پر اے این پی کی خواتین پولنگ ایجنٹوں اورایک فوجی افسر کے درمیان تکرار بھی ہوئی تھی۔ سانگھڑ میں این اے 235 کے پولنگ اسٹیشن کے قریب پیپلز پارٹی کے ایم این اے روشن دین کی گاڑی کی زد میں آکر فنکشنل لیگ کا کارکن دروس حسن جاں بحق ہو گیا۔ اسی حلقے کے علاقہ جام نواز علی میں مسلم لیگ فنکشنل کے 40کارکنوں کو اسلحہ کی نمائش پر حراست میں لے لیا گیا۔

میانوالی مندہ خیل میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکن آپس میں الجھ پڑے۔ واقعے کے بعد پولنگ روک دی گئی اور پولیس کی مزید نفری بلانا پڑی۔ ہاتھا پائی میں پی ٹی آئی کے دو کارکن زخمی ہوگئے۔میانوالی کے این اے 71میں چکڑالہ کے قصبہ نواں میں تحریک انصاف کا کارکن محمد عباس ووٹروں کو پولنگ اسٹیشن لا رہا تھا کہ اچانک گاڑی سے گر گیا اور پیچھے سے آنے والی تحریک انصاف کی دوسری گاڑی کے نیچے آکر جاں بحق جبکہ نوید نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ ایک ٹی وی کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں الیکشن کمیشن کی واضح ہدایت کے باوجود ایم این اے حافظ عبدالکریم کے بیٹے کے گن مین ہاتھوں میں اسلحہ لئے دندناتے رہے۔



راجن پور کے حلقہ پی پی 247 کے پولنگ سٹیشن 72 میں دو سیاسی جماعتوں کے حامیوں میں ہاتھا پائی اور اسلحہ کی نمائش کے بعد شدید بدنظمی کی صورتحال پیدا ہوگئی جس پر پولنگ سٹیشن 72 میں پولنگ روک دی گئی۔ ڈیرہ غازیخان میں پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے پی پی 243 سے امیدوار سردار حسام الدین خان کھوسہ، 2 پولیس اہلکاروں، 2 ایلیٹ فورس کے اہلکاروں اور 15 نامعلوم افراد کیخلاف الیکشن عملہ سے بیلٹ پیپرز چھین کر زبردستی مہریں لگانے، بدسلوکی اور ڈکیتی وغیرہ کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔ این اے ایک پشاور سے اے این پی کے امیدوارغلام احمد بلورکیخلاف ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔ مظفر گڑھ کے حلقہ 177 میں جمشید دستی گروپ اور نورانی گروپ کے حامیوں میں لڑائی اور مسلح تصادم کے بعد فوج طلب کرلی گئی ، اس دوران 6افراد زخمی ہوئے۔

ادھر چمن کے حلقہ این اے 262 کے پولنگ سٹیشن پر دو گروپوں میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 3زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کا واقعہ حلقہ این اے 262 جنگل پیر علی زئی کے پولنگ سٹیشن پر ہوا۔ کراچی کے حلقہ این اے 254 میں ضیاء کالونی پولنگ اسٹیشن میں مسلح افراد نے پولنگ ایجنٹوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ضلع ہنگو میں پی کے 42 میں خواتین کے ایک پولنگ اسٹیشن کے باہر دھماکا ہوا۔ دھماکا خیز مواد پولنگ اسٹیشن کے گیٹ کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔ این اے 262 چمن قلعہ عبداللہ میں پولنگ کے دوران سکیورٹی فورسز نے دو پولنگ اسٹیشنوں سے بم برآمد کر لئے۔ کراچی میں ضمنی انتخابات کے دوران دھاندلی کے الزام میں ایک اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر سمیت گیارہ ملزم گرفتار کرلیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں