اسنوکر بھارت سے ہوم اینڈ اوے میچز کی تجویز

کھیل ملکوں میں کشیدگی کو کم کرنے میں اہم ثابت ہوسکتے ہیں، محمد آصف

کھیل ملکوں میں کشیدگی کو کم کرنے میں اہم ثابت ہوسکتے ہیں، محمد آصف۔ فوٹو: فائل

سابق اسنوکر عالمی چیمپئن محمد آصف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر مقابلوں کی تجویز دے دی۔

ایکسپریس سے خصوصی بات چیت میں اسنوکر کے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوم اینڈ اوے کے بنیاد پر میچز ہونے چاہیے، بھارت ہمارا ہمسایہ ملک ہے، ہم چاہیں گے کہ ان کے کھلاڑی ہمارے ملک میں آ کرکھیلیں اور ہم وہاں کھیلنے کے لیے جائیں، ان کے مطابق کھیلوں میں کسی بھی طرح کی رکاوٹیں نہیں ہونی چاہیے۔

محمد آصف نے کہا کہ جب ایک ملک کے کھلاڑی دوسرے ملک کے پلیئرز کے ساتھ کھیلتے ہیں تو انسان کو بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، میری بہت سے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ دوستیاں ہیں، اگر فیڈریشن یا حکومت کہے تو پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلوں میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہوں۔


ایک سوال پر محمد آصف کا کہنا تھا کہ بہت سے بھارتی پلیئرز کے ساتھ کھیلا ہوں اور اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں روایتی حریف کے خلاف بہت زیادہ کامیابی بھی ملیں۔

محمد آصف کے مطابق جب بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلے ہوتے ہیں تو احساسات اور جذبات ہی کچھ اور ہوتے ہیں، اگرچہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ہماری پہلی اور آخری کوشش بھارت کے خلاف میچ میں جیت کی ہی ہوتی ہے، اب تک 8 میں سے ہم 6 مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے، مستقبل میں بھی بھارتی پلیئرز کے ساتھ مقابلے ہوئے تو فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔

 
Load Next Story