فوج کی زیرنگرانی الیکشن کے نتائج تسلیم کیے جائیںالطاف حسین

نوازشریف،زرداری ودیگرکومبارکباد،بلورکوفون،عوام سے آج شکرانے کے نوافل اداکرنیکی اپیل،جشن ملتوی


Express Desk August 23, 2013
نوازشریف،زرداری ودیگرکومبارکباد،بلورکوفون،عوام سے آج شکرانے کے نوافل اداکرنیکی اپیل،جشن ملتوی ۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے ضمنی الیکشن میں ن لیگ،پیپلزپارٹی اوراے این پی سمیت دیگرجماعتوں کے امیدواروں کی کامیابی پرانھیں مبارکبادپیش کی ہے۔

ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاہے کہ فوج کی نگرانی میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کیاجائے،ا نھوں نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، کوچیئرمین آصف علی زرداری،اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی اوردیگرکو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک دورسے گزررہاہے ان حالات میں ملک وقوم کسی بھی قسم کی محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہوسکتے،تمام جماعتیں ایک دوسرے کوحاصل مینڈیٹ کااحترام کریں اورملک کی سلامتی وبقاکے لیے بھرپوراتحادکامظاہرہ کریں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے این اے ون پر ضمنی انتخابات پر کامیابی حاصل کرنے پر اے این پی کے رہنما حاجی غلام احمدبلورکوٹیلی فون پر مبارک باد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اس کامیابی کو اہم قدم قراردیا۔

دریں کراچی میں ضمنی الیکشن میں حلقہ 103پر کامیابی پر الطاف حسین نے شہیدحق پریست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اوران کے صاحبزادے وقاص قریشی کو زبردست خراج تحسین پیش کیااورضمنی الیکشن میں کامیاب ہونے والے نومنتخب حق پرست نمائندوں کوہدایت کی وہ ساجدقریشی اوردیگرشہداکے لواحقین کے گھروںکادورہ کریں اورلواحقین کا غم بانٹیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ ساجدقریشی کی شہادت کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے،ضمنی الیکشن میں کامیابی پرخوشیاں مناتے ہوئے شہداکی قربانیوں کوہرگز فراموش نہ کیاجائے۔ایک اوربیان میں الطاف حسین کورنگی نمبر5میں فوج کے قافلے پر ہونے والے بم دھماکے کوکھلی دہشتگردی اوربزدلانہ اقدام قراردیاہے اورکہاہے کہ دہشتگرد کراچی میں بم دھماکے کرکے معصوم شہریوں کوخاک وخون میں بہلارہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔



الطاف حسین نے صدرزرداری، وزیراعظم نوازشریف، وزیرداخلہ چوہدری نثار،گورنرسندھ عشرت العباداور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیاہے کہ کورنگی دھماکے کافوری نوٹس لیاجائے اوردھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔دریں اثناایک اوربیان میں الطاف حسین نے قومی کی ایک اورسندھ اسمبلی کی 3تشستوں پرضمنی الیکشن میں کامیابی پرکہاکہ نامزدامیدواروں کی فقیدالمثال کامیابی ایک ایک حق پرست پاکستانی کی فتح ہے،حق پرستوں کو اللہ تعالیٰ کی تائیداورعوام کی بھرپورحمایت حاصل ہے،کراچی اور سندھ کے دیگرعلاقوں کے عوام نے حق پرست امیدواروں کو کامیاب بناکر ثابت کردیا کہ ایم کیوایم کی جڑیں سندھ کے شہری عوام میں مضبوطی سے پھیلی ہوئی ہیں،عظیم الشان کامیابی پرایک ایک حق پرست کارکن اورہمدرد زبردست مبارکباد اورخراج تحسین کا مستحق ہے،نومنتخب نمائندے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکربلاامتیاز خدمت کریں۔

انھوں نے ایم کیوایم کے تمام ذمے دار ، کارکنان ،ہمدرد،شہداکے لواحقین، لاپتہ اوراسیر ساتھیوں کے اہل خانہ کو،مبارکباد، خراج تحسین اورسیلوٹ پیش کیا۔الطاف حسین نے حق پرست عوام ،نومنتخب نمائندوں اورکارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ضمنی انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی پربعدنمازجمعہ اللہ تعالیٰ کے حضورشکرانے کے نوافل ادا کریں۔دریں اثناکورنگی میں فوج کے قافلے پر دھماکے کے باعث الطاف حسین کی ہدایت پرمتحدہ قومی موومنٹ نے ضمنی الیکشن میں ایم کیوایم کے امیدواروں کی کامیابی کی خوشی میں جمعرات کورکھے جانیوالاپروگرام منسوخ کردیا،ضمنی الیکشن میں کامیابی کاجشن ایم کیوایم کی جانب سے آج (جمعہ کو)منایا جائے گا۔اس حوالے سے واسع جلیل نے نائن زیرو پر جشن کے لیے جمع ہونیوالے ایم کیوایم کے کارکنان ،ہمدردوں اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کراچی میں ہونے والے دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی اور ایم کیوایم کی قائد الطاف حسین کی جانب سے پاک فوج کو ایم کیوایم کی جانب سے خون کا عطیہ دینے اور دیگرتعاون کی پیشکش کی اورکہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیوایم پاک فوج کے ساتھ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں