حکمرانوں نے عوامی احتجاج کو دبانے کیلئے پُرتشدد تیاریاں شروع کردیں بلاول
پیٹرول قیمتوں میں اضافے کیخلاف پر امن مظاہرین پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کردی، چیئرمین پیپلز پارٹی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے بعد جیالوں پر مقدمات درج کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پر امن مظاہرین پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لگتا ہے کٹھ پتلی حکمرانوں نے عوامی احتجاج کو دبانے کے لیئے پُر تشدد تیاریاں شروع کردی ہیں، پارلیمینٹ سے مفرور بے نامی وزیراعظم اب عوام سے پر امن احتجاج کا جمہوری حق بھی چھین رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ انتقام کی آگ میں اندھی حکومت نے لودھراں کے مرحوم جیالے عاشق بوپا کو بھی مقدمے میں نامزد کردیا ہے، نااہل وزیراعظم سیاسی کارکنان کے خلاف مقدمات کے بجائے عوام سے جھوٹ بولنے کی معافی مانگے اور ملتان، لودھراں، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں جیالوں کے خلاف مقدمات فی الفور واپس لیے جائیں۔