پاکستان سری لنکا کو ہرا کر ایمرجنگ ٹیمز کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے 231 رنز کا ہدف 48.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا

فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے25 اگست بروز اتوار ہوگا جو پول میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا چکا ہے۔ فوٹو: فائل

ROME:
ایمرجنگ ٹیمز کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

سنگاپور میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز بنائے، ادایا جیاسندرا نے 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ شیہان جے سوریا 33، کتھرووان وتھناگے 14، نروشن ڈکویلا 4، رمیش بدیکا 17، دنشکا گناتھلکا 20 اور چتھورانگا کمارا 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے سابق کرکٹر عبد القادر کے بیٹے عثمان قادر نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کی جبکہ رضا حسن اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


پاکستان نے 231 رنز کا ہدف 48.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، حماد اعظم نے 66 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ عثمان صلاح الدین 31 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے، دیگر کھلاڑیوں میں عظیم گھمن 22، عمر وحید 19، محمد رضوان 13، محمد نواز 26، رضا حسن 5، بلاول بھٹی 5 اور عثمان قادر 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے، سری لنکا کے امیلا اپونسو نے 3 جبکہ چارتھ جیامپتھی نے 2، لاہیرو جیارتنے اور لاہیرو مدھوشانکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے محمد اعظم کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے 25 اگست بروز اتوار ہوگا جو پول میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا چکا ہے۔
Load Next Story