کراچی اورلاہور میں میٹرو منصوبوں پرحتمی بات چیت کیلئے چینی وفد پیر کو پاکستان پہنچے گا وزیراعظم

گوادرکوہانگ کانگ کی طرزپرفری پورٹ بنایاجائےگااورراہدری منصوبےپرصنعتی زون بھی بنائےجائیں گے،وزیراعظم نواز شریف


ویب ڈیسک August 23, 2013
وزیر اعظم نے روات کے قریب نیا ہوائی اڈا بنانےاوراس کے گرد دس رویہ سٹرک بنانے کی تجویز دی ۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے چین نے لاہور اور کراچی میں میٹرو منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سےمعاہدے پر حتمی بات چیت کے لئے چینی وفد پیر کو پاکستان پہنچے گا۔

وزیر اعظم کوایک اجلاس میں کاشغر گوادر راہدری منصوبے پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ کاشغرگوادرمنصوبہ چاروں صوبوں کوملائےگا اوراس سے 3ارب افراد کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کو ہانگ کانگ کی طرز پر فری پورٹ بنایا جائے گا اور راہدری منصوبے پر صنعتی زون بھی بنائے جائیں گے۔ وزیراعظم نےمزیدکہاکہ کراچی لاہور موٹروے کو جلد شروع کیا جائے گا۔ کراچی کوسٹل ہائی وے کی تعمیر سے فاصلے کم ہوں گے۔لاہور کراچی ریل ٹریک کی تعمیر سے ٹرین کی رفتار 120 کلو میٹر تک بڑھائی جاسکتی ہے اور کراچی کا فاصلہ بارہ گھنٹے میں طے ہوسکتا ہے۔

وزیر اعظم نے روات کے قریب نیا ہوائی اڈا بنانےاوراس کے گرد دس رویہ سٹرک بنانے کی تجویز دی ۔ وزیر اعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ چلاس بابو سر پر15 کلو میٹر لمبی سرنگ بنائی جائے گی، قراقرم پر پلوں کی تعمیر سے 150 کلو میٹر کا فاصلہ کم کیا گیا ہے ۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مظفرآباد منگلا موٹر وے بنایا جائے گا۔اسے جی ٹی روڈ سے منسلک اور سٹرک کے گرد سرکاری نرخ پر سستے گھر بنائے جائیں گے۔وزیر اعظم نے وزارت ریلوے کو ہدایت کی ایسے روٹ بنائے جائیں جن سے زیادہ سے زیادہ آبادی کو فائدہ ہو۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی تکمیل سے خنجراب سے بلوچستان تک عوام کو فائدہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں