اٹھارہویں ترمیم کی وجہ سے وفاق دیوالیہ ہوگیا وزیراعظم

اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبے بھی ٹیکس جمع کرنے میں ناکام رہے، وزیراعظم عمران خان

پنجاب میں پنچایت اور شہروں میں میئر کا الیکشن براہ راست ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کی وجہ سے وفاق دیوالیہ ہوگیا اور اس ترمیم کے تحت صوبے بھی ٹیکس جمع کرنے میں ناکام رہے۔


اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نئے بلدیاتی نظام سے نئی لیڈرشپ سامنے آئے گی، اس نظام کے تحت فنڈز براہ راست گاؤں تک جاتے ہیں، 22 ہزاردیہات میں براہ راست پیسہ جائے گا، پرانے نظام کے تحت مقامی سطح پرزیادہ کرپشن ہوتی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ویلیج کونسل کے براہ راست انتخابات ہوتے ہیں اور اب پنجاب میں پنچایت کے براہ راست انتخابات ہوں گے، پنجاب میں 22 ہزار پنچایت کو40 ارب روپے کے فنڈز دیں گے جب کہ شہروں میں میئر کا الیکشن بھی براہ راست ہوں گے، ہمارے شہر کھنڈر بنتے جارہے ہیں، وہاں سہولتیں ختم ہوتی جارہی ہیں کراچی کی حالت دیکھیں، وہ ٹھیک ہوہی نہیں سکتا، جب تک شہراپنا پیسا اکٹھا نہیں کریں گے، ٹھیک نہیں ہوسکتے ہیں۔
Load Next Story