پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے خیبر پختونخوا میں نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق صوبے بھر میں ڈسٹرکٹ اور تحصیل کونسل کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے جب کہ ولیج کونسل کے انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔
خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام کے مسودے کی منظوری کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کا اجلاس عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے مسودے کی منظوری دی گئی، اجلاس میں عمران خان، جہانگیر ترین ، پروفیسر ابراہیم کے علاوہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک ، سکندر شیر پاؤ اور صوبائی وزیر عنایت اللہ نے بھی شرکت کی ۔
صوبائی وزیر عنایت اللہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ڈسٹرکٹ اور تحصیل کونسل کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے جبکہ ولیج کونسل کے انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، ڈسٹرکٹ کونسل اور تحصیل کونسل کے چیئر مین کا انتخاب ایوان کے اندر سے ہوگا جب کہ پارٹی مخالف ووٹ دینے پر رکن کو نا اہل قرار دے دیا جائے گا۔
نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ منظوری کے لئے پہلے محکمہ قانون کے حوالے کیا جائے گا اور بعد میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں ستمبر میں پیش کیا جائے گا جب کہ صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات دسمبر میں کرائے جائیں گے۔