جونیئر کوچنگ یونس خان کو ڈریوڈ بنانے کی کوششیں ناکام

سابق کپتان نے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے پر عہدہ سنبھالنے سے انکار کردیا


بورڈ نے انڈر19ٹیم کیلیے کسی دوسرے موزوں امیدوار کی تلاش شروع کردی۔ فوٹو: فائل

یونس خان کو جونیئر کوچنگ میں راہول ڈریوڈ بنانے کی کوششیں ناکام ہوگئیں جب کہ سابق کپتان نے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے پر عہدہ سنبھالنے سے انکار کردیا۔

بھارتی بورڈ نے جونیئر کوچنگ کی ذمہ داری راہول ڈریوڈ کے سپرد کررکھی ہے، اس کے مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں، پی سی بی نے بھی بی سی سی آئی کی تقلید کرتے ہوئے یونس خان کو انڈر19کوچ مقرر کرنے کیلیے پیش رفت شروع کی تھی،سابق کپتان کی کراچی میں مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان سے ملاقات بھی ہو چکی۔

گزشتہ روز معلوم ہوا کہ یونس خان نے یہ عہدہ سنبھالنے سے انکار کردیا ہے،معاملات طے نہ ہونے پر پی سی بی نے انڈر19ٹیم کی کوچنگ کیلیے نئے امیدوار کی تلاش شروع کردی۔

سابق کپتان نے سوشل میڈیا پر بھارتی خبررساں ادارے کی خبر کو شیئر کیا جس میں ان کی جانب سے جونیئرز کی کوچنگ سے انکار کی اطلاع دی گئی ہے۔

ایک عہدیدار کے مطابق یونس خان اور پی سی بی میںکافی حدتک معاملات طے پاگئے تھے لیکن سابق کپتان کوچنگ کے ساتھ جونیئر سلیکشن کی سربراہی پر بھی اصرار کررہے تھے،انھوں نے مرضی کا معاون کوچنگ اسٹاف اور سلیکٹرز رکھنے کا مطالبہ بھی کیا، ان حالات میں لگتا نہیں کہ یونس خان پی سی بی کیلیے کام کریں۔

ذرائع کے مطابق یونس خان کا موقف ہے کہ جس طرح بھارتی کرکٹ بورڈ راہول ڈریوڈ کو کوچنگ کے عوض بھاری معاوضہ اور مراعات دے رہا ہے ان کو بھی دی جائیں۔

یاد رہے کہ اس وقت انڈر19ٹیم کے کوچ تیمور اعظم خان جبکہ محتشم رشید اسسٹنٹ کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، بورڈ جونیئرز کیلیے مستقل کوچ کا تقرر کرنے کا خواہاں ہے۔یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 10ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے واحد پاکستانی بیٹسمین ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں