’’بیگانی شادی میں بھارت دیوانہ‘‘ بی سی سی آئی نے آفریدی کے انکشافات کا ’’نوٹس‘‘ لے لیا

بی سی سی آئی نے فکسنگ معلومات آئی سی سی سے شیئرنہ کرنے پرسوال اٹھا دیا


Sports Desk May 07, 2019
دیکھنا ہوگا اینٹی کرپشن یونٹ رپورٹ نہ کرنے پر کیا ایکشن لے گا؟انیرودھ۔ فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی شاہد آفریدی کے انکشافات کا 'نوٹس' لے لیا جب کہ بی سی سی آئی کے خازن انیرودھ چوہدری نے فکسنگ معلومات آئی سی سی سے شیئر نہ کرنے پر سوال اٹھا دیا۔

سابق پاکستانی اسٹار آل رائونڈر شاہد خان آفریدی نے اپنی آپ بیتی میں انکشاف کیاکہ وہ 2010 کے مشہور فکسنگ اسکینڈل سے قبل ہی پلیئرز اور ایجنٹ مظہر مجید کے درمیان مشکوک روابط سے آگاہ تھے،اس بارے میں انھوں نے اس وقت کے کوچ وقار یونس، ٹیم منیجر یاور سعید سمیت ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کیا مگر کوئی بھی نوٹس نہیں لیا گیا تھا۔

اس انکشاف پر بھارتی کرکٹ بورڈکے خازن انیرودھ چوہدری نے شاہد آفریدی کی جانب سے معاملے کی رپورٹ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو نہ کرنے کے حوالے سے سوال اٹھا دیا.

انھوں نے کہا کہ '' جب آفریدی کو اس بارے میں پہلے ہی معلوم ہوچکا تو پھر فوری طور پر آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کرنا چاہیے تھا، اب یہ دیکھنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ اینٹی کرپشن یونٹ شاہد آفریدی کی جانب سے معلومات شیئر نہ کرنے پر کیا کارروائی کرتا ہے کیونکہ وہ اس کے اپنے اینٹی کرپشن کوڈ کی پیروی کرنے میں ناکام رہے ہیں''۔

واضح رہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت کرکٹ سے وابستہ کسی بھی شخص سے کوئی مشکوک رابطہ ہو، اسے کسی بھی کرپٹ حرکت کی معلومات ملیں یا پھر کوئی کسی کرپٹ سرگرمی میں ملوث ہونے کی ترغیب دے تو پھر فوری طور پر اینٹی کرپشن یونٹ کو اس کے بارے میں مطلع کرنا ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں