کوئٹہ کے سستے بازاروں میں مہنگی اشیا فروخت عوام ریلیف نہ ملنے پر مایوس

شہریوں كی اكثریت نے سستے بازاروں كو یكسر مسترد کردیا

شہریوں كی اكثریت نے سستے بازاروں كو یكسر مسترد کردیا ۔ فوٹو : فائل

كوئٹہ میں سستے بازار بھی مہنگے بازاروں میں تبدیل ہوگئے، عام بازاروں كے ریٹس پر شہریوں كو سستے بازاروں میں سبزیاں اور پھل مہیا كیے جارہے ہیں جس پر شہریوں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ضلعی حكومت كی جانب سے ماہ مقدس میں شہر كے 5 مختلف مقامات پرلگائے جانے والے سستے بازاروں میں صرف نام كی اشیاء اور خالی اسٹال رہ گئے جب كہ شہریوں كا رش بھی كم ہی دیكھنے میں آیا باچاخان چوک سمیت نواں كلی میں لگائے جانے والی سستے بازاروں میں جہاں دعوے كئے جارہے تھے كہ حكومت عوام كو ماضی كے مقابلے میں بہترریلیف فراہم كرے گی وہ دعوے ہوا ہوگئے۔


عوامی حلقوں نے اس حوالے سے ایكسپریس كو بتایا كہ جو اشیاء عام بازاروں میں فروخت كی جارہی ہیں، وہی اشیاء ان سستے بازاروں میں انہی داموں پر فروخت كی جارہی ہیں، كیلے عام بازار میں 60 سے 70 روپے تو سستے بازار میں 100 روپے وہ بھی گلے سڑے فروخت ہورہے ہیں، اسی طرح سے مٹر عام بازار میں 100 روپے كلو فروخت ہورہے ہیں تو وہی ریٹس ان بازار میں فروخت كیے جارہے ہیں، اس لئے شہریوں كی اكثریت نے سستے بازاروں كو یكسر مسترد كرتے ہوئے عام ماركیٹس سے ہی اشیاء خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان سستے بازاروں میں اكثر اسٹال خالی ہیں، یوٹیلیٹی اسٹور كے اسٹال پر بھی صرف چند ایک مشروبات كی بوتلوں یا آٹے كے ٹھیلوں كے سوا كچھ نظر نہیں آیا۔

عوامی حلقوں نے ضلعی حكومت سے مطالبہ كیا ہے كہ شہر بھر میں دودھ دہی كی قیمتوں میں استحكام لانے كے لئے حكومت كردار ادا كرے۔
Load Next Story