ایکسپریس پرحملہ آزادی صحافت پرحملہ ہے شفقت عباسی
ایسے حملوں کیخلاف پریس کونسل آف پاکستان ڈھال کاکرداراداکرے گی،چیئرمین
پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین راجاشفقت عباسی نے ایکسپریس میڈیاگروپ کے دفاترپر مسلح دہشت گردوں کے حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اسے آزادصحافت کی راہ میں رکاوٹ اورعوام کا حق آگہی غصب کرنے کی کوشش قراردیاہے۔
انھوں نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل19-Aکے تحت تمام صوبائی حکومتیں عوام کے اس حق کی حفاظت کے لیے ضروری اقدام کرنے کی پابندہیں۔ جبکہ پریس کونسل آف پاکستان آرڈیننس2002 کی شق8کی ذیلی شق2 کے تحت کونسل کی یہ مسلمہ ذمے داری ہے کہ وہ کسی بھی شخص، جماعت یاتنظیم کی طرف سے آزادی صحافت یااس ضمن میںدرپیش کسی بھی خطرے کے آگے ڈھال بن جائے۔
صحافت کی آزادی اورعوامی آگہی جمہوریت کی بنیادہیں اورکسی جمہوری معاشرے میں ایسے حملے نظراندازنہیں کیے جاسکتے۔ انھوں نے ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ حکام کوذمے داروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرنے کاکہا جائے اور انھیں آگاہ کیاجائے تاکہ کونسل کی اگلی میٹنگ میں نتائج کاجائزہ لیاجاسکے۔