پاکستان ایم سی سی کے آئندہ سال دورے کا خواب دیکھنے لگا

ملک میں حالات بہتر ہو چکے،انگلش کرکٹرز کے آنے سے بڑی ٹیموں کو بلانے میں بھی مدد ملے گی،چیئرمین پی سی بی


Saleem Khaliq May 09, 2019
احسان مانی کی ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن سے بھی اہم میٹنگ،2021میں انگلینڈکی سیریز کے میچز پاکستانی سرزمین پر کھیلنے کا کہہ دیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان ایم سی سی کے آئندہ سال دورے کا خواب دیکھنے لگا۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی آہستہ آہستہ واپسی ہونے لگی ہے۔ رواں برس پی ایس ایل کے8میچز سے پی سی بی کا اعتماد بڑھ گیا اور اب اس نے دیگر ٹیموں کو بھی مدعو کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

ایم ڈی وسیم خان گزشتہ دنوں ''کرکٹ پاکستان'' کو انٹرویو میں بتا چکے کہ رواں برس 2 ٹیسٹ کیلیے سری لنکن ٹیم کو مدعو کرنے کی بات چیت جاری ہے، ذرائع نے بتایا اگلے سال ایم سی سی اسکواڈ کو بھی دورے پر بلانے کا ارادہ ہے۔

گزشتہ روز لندن میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کلب کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی اور انھیں بتایا کہ پاکستان میں اب سیکیورٹی صورتحال پہلے سے کافی بہتر ہے، آئندہ سال تک مزید فرق آئے گا لہذا اپنی ٹیم بھیجیں، اس سے ہمیں بڑے ممالک کے سیکیورٹی خدشات بھی دور کرنے میں مدد ملے گی۔

اس سے قبل احسان مانی کی انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن سے بھی اہم میٹنگ ہوئی، ذرائع کے مطابق پاکستانی بورڈ کے سربراہ نے ان سے2021میں شیڈول سیریز کے میچز پاکستان میں ہی کھیلنے کا کہا ہے، البتہ ہیریسن نے کسی وعدے سے گریز کیا، ان کے مطابق سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق احسان مانی اپنے دورئہ انگلینڈ میں ملاقاتوں سے بہت خوش تھے تاہم گذشتہ روز لاہور میں دھماکے سے ملک میںکرکٹ کی واپسی کو دھچکا لگا ہے،ایسے اکادکا واقعات ہی غیرملکی ٹیموں کو دورے سے روک دیتے ہیں، البتہ چیئرمین کو امید ہے کہ مجوزہ ٹورز تک حالات میں بہتری آ جائے گی۔

دریں اثنا احسان مانی نے گذشتہ روز اوول میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان بارش سے متاثرہ پہلا ون ڈے میچ دیکھا، ان کی قومی کھلاڑیوں سے ملاقات بھی ہوئی، اس سے قبل کارڈف میں ٹی ٹوئنٹی کے موقع پر بھی وہ موجود تھے، چیئرمین پی سی بی اب ہفتے کو لاہور واپس آ کر دوبارہ سے ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 2009 سے اپنی سرزمین پر کسی ٹیسٹ کی میزبانی نہیں کی،اس وقت3 مارچ کو لاہور میں دہشت گردوں نے سری لنکن ٹیم پر حملہ کر دیا تھا جس کے بعد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے، طویل عرصے یو اے ای میں ہوم میچز کے بعد 2015میں زمبابوے نے 2 ٹی ٹوئنٹی اور3 ون ڈے میچز کیلیے پاکستان کا دورہ کیا، ستمبر 2017 میں ورلڈ الیون 3 ٹی 20 اور اکتوبر میں سری لنکن ٹیم ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے لاہور آئی۔

ویسٹ انڈیز نے گزشتہ برس اپریل میں کراچی میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، پی ایس ایل میچز کا بھی انعقاد ہوا، رواں برس تو8میچز کراچی میں کھیلے گئے،ان کے پُرامن انداز میں انعقاد نے اب مزید مقابلوں کی راہ ہموار کر دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں