دہشتگردی کا مسئلہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر ہی حل کرسکتے ہیں وزیر اعظم

ستمبر میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے لئے صوبائی حکومتیں پہلے سے ہی اپنی حکمت عملی تیار کرلیں، وزیر اعظم


ویب ڈیسک August 24, 2013
گڈانی میں بجلی گھروں کی تعمیر سے بجلی کے بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی، وزیر اعظم فوٹو : ایکسپریس نیوز

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جارہی ہے کیونکہ اس مسئلے کا حل مل کر ہی کیا جاسکتا ہے۔

گھوٹکی میں سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مون سوب بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے ملک میں کئی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا، سندھ سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے اس سلسلے میں کافی کام کیا ہے تاہم وفاقی حکومت بھی صوبوں کی مدد کےلئے ہر قسم کی معاونت کو تیار ہے تاہم ستمبر میں مزید بارشوں کا امکان ہے اس کے لئے صوبائی حکومت اور ادارے اپنی حکمت عملی تیار کرلیں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جاسکے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گوادر کاشغر راہداری کا منصوبہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے تاہم ان کی کوشش ہے کہ اس منصوبے کا جلد سے جلد آغاز کردیا جائے تاکہ اس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں، اس کے علاوہ بجلی بحران کے حل کے لئے بھی کام ہورہا ہے ، گڈانی میں پاور پارک کی تعمیر کا کام جاری ہے جہاں 660 میگا واٹ کے حامل 10 بجلی گھر قائم کئے جائیں گے اور اس سے ملک میں بجلی کے بحران کے خاتمے میں بہت مدد ملے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں