کیلی فورنیا کے جنگلات میں ایک ہفتے قبل لگنے والی آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے اور آگ نے کیلی فورنیا کے یو سیمائٹ نیشنل پارک کے 17 مربع میل کے حصے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جب کہ سان فرانسسکو شہر میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ایک ہفتے قبل لگنے والی آگ کو "رم فائر" کا نام دیا گیا ہے اور یہ اب تک 164 مربع میل تک پھیل چکی ہے اور 2 ہزار سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں لیکن ابھی تک صرف 2 فیصد آگ پر قابو پایا جا سکا ہے۔ کیلی فور نیا کے گورنر جیری براؤن نے سان فرانسسکو میں ایمر جنسی نافذ کردی ہے جبکہ شہر کو بجلی فراہم کرنے والے 3 میں سے 2 ہائیڈرو الیکٹرک پاور اسٹیشنز بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔
امریکا کے محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی وجہ سے 45 ہزار سے رائد مکانات، ہوٹلز اور بلڈنگز خطرے میں ہیں، اگر آگ پر جلد قابو نہ پایا گیا تو سان فرانسسکو میں پانی کی سپلائی بھی معطل ہونے کا خطرہ ہے۔ یوسیمائٹ نیشنل پارک کی خاتون ترجما ن کا کہنا ہے کہ آگ پارک کے مرکزی سیاحتی مقام سے 20 میل کے فاصلے پر ہے اور پارک کی جانب آنے والی مغربی موٹر وے کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ "رم فائر" مغربی امریکا کے جنگلات میں لگنے والی 50 بڑی آگوں میں سے ایک ہے۔