پی سی بی اسپاٹ فکسنگ کے الزامات قبول کرنے کیلئے دانش کنیریا پر دباؤ نہ ڈالے راشد لطیف

دانش کنیریا جب تک اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے تمام آپشنزاستعمال نہیں کرلیتے پی سی بی ان پر دباؤ نہ ڈالے، ٹیسٹ کرکٹر


AFP August 24, 2013
انو بھٹ 2005 اور 2006 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مہمان رہ چکا ہے، راشد لطیف فوٹو ایکپریس

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا ہے کہ لیگ اسپنر دانش کنیریا جب تک اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے تمام آپشنزاستعمال نہیں کرلیتے تو پاکستان کرکٹ بورڈ ان پر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے الزامات تسلیم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے سے گریز کرے۔


کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ بورڈ سے گزارش کرتے ہیں کہ جب تک دانش کنیریا اپنی بے گناہی ثابت کر نے کے لئے تمام عدالتی دروازے نہیں کھٹکھٹا لیتے تو اس وقت تک پی سی بی ان پر زبر دستی میچ فکسنگ کے الزامات تسلیم کرنے کے لئے دباؤ نہ ڈالے۔


راشد لطیف کا کہنا تھا کہ انو بھٹ 2005 اور 2006 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مہمان رہ چکا ہے، میں اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کا جواب دوں گا اور ان کو یہ پیشکش بھی کروں گا کہ وہ قانونی مشیروں کی موجودگی میں میرے پاس موجود تمام ثبوت ایک پرائیویٹ ملاقات میں بھی دیکھ لیں، میں نے دانش کنیریا کا پورا کیس اچھی طرح پڑھا ہےاسی لئے اس حوالے سے بات چیت بھی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کے معاملے پر تو معافی کی اپیل کی تاہم دانش کنیریا کے لیے کوئی بات نہیں کی۔


واضح رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال دانش کنیریا کو کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی ٹیم کے ایک کھلاڑی مارون ویسٹ فیلڈ کو بھارتی بکی انو بھٹ کی مدد سے رقم دلوانے کے الزام میں تاحیا ت پابندی عائد کر دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں