پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پنجاب اسمبلی کے باہر دیئے گئے احتجاجی دھرنے کو ختم کردیا ہے اور پیر سے صوبے بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیر سے پنجاب اسمبلی اور صوبے کے دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، تحریک انصاف کے پاس پنجاب کے 4 حلقوں میں دھاندلی کے واضح ثبوت موجود ہیں اور اس حوالے سے سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کی جا چکی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ ان حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی مدد سے دوبارہ گنتی کرائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔
قبل ازیں پولیس نے ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مال روڈ پر چیئرنگ کراس کے مقام پر بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے والے تحریک انصاف کے کارکنوں کا کیمپ اکھاڑ دیا تھا اور متعدد کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا تھا تاہم بعد ازاں گرفتار کیے گئے افراد کو وزیراعلی شہباز شریف کے احکامات پر رہا بھی کردیاگیا۔