عراق میں خود کش دھماکا 8 افراد ہلاک

دھماکے کی ذمہ داری شدت پسند جماعت داعش نے قبول کرلی ہے


ویب ڈیسک May 10, 2019
دھماکا بغداد کے پر ہجوم بازار جمیلہ مارکیٹ میں ہوا۔ فوٹو : فائل

عراق کے پُر رونق بازار میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کی جمیلہ مارکیٹ میں خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا، دھماکا اس وقت کیا گیا جب مارکیٹ میں سیکڑوں افراد خریداری میں مصروف تھے۔

بغداد پولیس نے دھماکے میں 8 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 10 سے تجاوز کرگئی ہے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ریسکیو اداروں نے بغداد کے الکنڈی اسپتال منتقل کیا، جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

شدت پسند جماعت داعش نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے بیان میں مزید حملوں کی دھمکی بھی دی اور دھماکے کی وجہ اپنی موجودگی کا احساس دلانا قرار دیا، تاہم حکومت کی جانب سے داعش کے دعویٰ پر کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ عراق میں داعش اور اتحادی افواج کے درمیان برسوں سے جاری گھمسان کی جنگ کا خاتمہ اتحادی افواج کی جیت میں صورت ہوا تھا اور حکومتی دعوے کے مطابق عراق سے داعش جنگجوؤں کا مکمل خاتمہ کردیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں