سجل علی کی بہن صبورعلی کی صفائی کرنے والے کا مذاق اڑانے پروضاحت

صبور علی صفائی کرنیوالے شخص کا مذاق اڑانے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بن گئیں

صبور علی نے صفائی کرنیوالے شخص کا مذاق اڑانے پر وضاحت جاری کردی فوٹوفائل

لاہور:
نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی کی بہن صبور علی کو کھڑکی صاف کرنے والے شخص کا مذاق اڑانے پرسوشل میڈیا پرشدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم صبورعلی نے اپنے اقدام کی وضاحت کردی ہے۔

اداکارہ صبورعلی نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام پرایک اسٹوری شیئر کی جس میں وہ کسی ڈرامے کے سیٹ پر موجود ہیں اور وہاں موجود کھڑکی صاف کرنے والے شخص کا مذاق اڑاتی نظرآرہی ہیں۔ صبورعلی صفائی کرنے والے کی ویڈیو بناتے ہوئے کہہ رہی ہیں 'کیا خواب دیکھ کر اس کی ماں نے اسے گھرسے بھیجا ہوگا' یہ کہتے ہوئے صبورعلی مسلسل ہنسے جارہی ہیں۔ سیٹ پر ان کے ساتھ اداکارہ صحیفہ جبار اور اداکار عفان وحید بھی موجود ہیں۔

سیٹ پر موجود اداکارہ صحیفہ جبار نے صبورعلی کا ساتھ دیتے ہوئے کہا یہ شخص صبح اٹھ کر اپنی بیڈ شیٹ بھی ٹھیک نہیں کرتا ہوگا اور نا ہی اپنا کمبل طے کرتا ہوگا۔ صبور علی کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین شدید غصے میں آگئےاورانہیں شدید تنقید کا نشانہ بناڈالا۔


[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/BxTdSZqlXEx/"]

جب تنقید حد سے بڑھ گئی تو صبورعلی نے انسٹاگرام پر وضاحت جاری کرتے ہوئے لکھا میری انسٹاگرام اسٹوری غلط فہمی کی وجہ سے وائرل ہورہی ہے، میں وضاحت کرنا چاہتی ہوں کہ ویڈیو میں موجود کھڑکی صاف کرنے والا شخص دراصل ہمارے اگلے ڈرامے کا اسسٹنٹ ڈائریکٹرہے ہم کئی ماہ سے ایک دوسرے کے ساتھ کام کررہے ہیں اور ساتھ کام کرنے کی وجہ سے ہم ایک دوسرے سے مذاق بھی کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا پر خود کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کسی کے متعلق کچھ بھی لکھنے سے قبل ایک بارسوچ لیا کریں۔



واضح رہے کہ چند روز قبل بھی صبورعلی کے بارے میں افواہیں گردش کررہی تھیں کہ انہوں نے خودکشی کرنے کی کوشش کی ہے تاہم انہیں بچالیا گیا ہے اور وہ اسپتال میں داخل ہیں۔
Load Next Story