اسکواش فرحان زمان نے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا

اولے ہالینڈ کو مات،لیک، ڈیکلن جیمز اور کرس فولر نے بھی فائنل فور میں رسائی پالی

کوارٹر فائنل میں انگلش پلیئر اولے ہالینڈ کو مات دی۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے فرحان زمان نے ناٹنگھم اوپن اسکواش کے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا۔

انھوں نے انگلش حریف اولے ہالینڈ کو11-8، 11-2،7-11 اور 11-6 سے مات دی، ناتھن لیک، ڈیکلن جیمز اور کرس فولر نے بھی فائنل فور میں رسائی حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم کے اسکواش ریکٹس کلب میں جاری5 ہزار امریکی ڈالر انعامی مالیت کے مینز ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے ورلڈ نمبر81 فرحان زمان نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، انھوں نے کوارٹر فائنل میں انگلش پلیئر اولے ہالینڈ کو ابتدائی گیم میں 11-8 سے مات دی، دوسرے گیم میں ان کی جیت کا اسکور 11-2 رہا، تیسرے میں انگلش پلیئر نے مقابلے میں واپسی اختیارکرتے ہوئے11-7 سے کامیابی پائی۔




چوتھے گیم میں20 سالہ فرحان نے 11-6 سے فتح کی بدولت سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا،2007 میں پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے ممبر بننے والے فرحان اب تک 94 میچزجیت چکے ہیں، سیمی فائنل میں ان کا سامنا انگلش پلیئر کرس فولر سے ہوگا، جنھوں نے کوارٹر فائنل میں ہموطن رچی فلاوز کو 9-11،11-1،11-8 اور 11-5 سے ٹھکانے لگایا، فائنل تک رسائی کا دوسرا معرکہ ناتھن لیک اور ڈیکلن جیمز کے درمیان ہوگا، ناتھن نے ہموطن تھامس فورڈ کو 12-10 ،11-3 اور 11-8 سے مات دی،ڈیکلن نے بھی ہموطن روبرٹ ڈونر کیخلاف 13-11، 8-11، 11-6 اور 11-4 سے کامیابی حاصل کی۔
Load Next Story