جس نے عوام کے منہ سے روٹی چھین لی اسے وزیراعظم کیسے مانیں مریم اورنگزیب

فواد چوہدری صاحب آپ آج کل جو سائنس کے انکشافات کر رہے ہیں وہی کریں، قوم کافی مستفید ہو رہی ہے، مریم اورنگزیب

سلیکٹڈ نااہل اور نالائق وزیراعظم کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا، مریم اورنگزیب ۔ فوٹو : فائل

سیکریٹری اطلاعات (ن) لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جس وزیراعظم نے آتے ہی 9 ماہ میں عوام کے منہ سے روٹی چھین لی اس کو وزیراعظم کیسے مانیں۔

فواد چوہدری کے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری صاحب جس وزیراعظم نے عوام کے ساتھ جھوٹ بولے ہوں اس کو کیسے وزیراعظم مانیں، جس وزیراعظم نے ملک کوآئی ایم ایف میں گروی رکھوا دیا ہو اس کو کیسے وزیرعظم مان لیں، جس نے صرف 9 ماہ میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گنا کردی ہو اس نااہل کو وزیراعظم کیسے مان لیں۔


مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جس وزیرعظم نے نوجوانوں سے نوکری اور غریبوں سے گھر چھین لیے ہوں اس کو کیسے وزیراعظم مان لیں، سلیکٹڈ نااہل اور نالائق وزیراعظم کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے آپ کو وزارت سے ہٹا کر کچھ دن جھوٹ نہ بولنے کا موقع دیا ہے، آرام کریں، آپ آج کل جو سائنس کے انکشافات کر رہے ہیں وہی کریں، قوم کافی مستفید ہو رہی ہے۔
Load Next Story