پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا دن منایا جارہا ہے

جس معاشرے میں مائیں متحرک کردار ادا کرتی ہیں وہاں تہذیب و تمدن بھی پروان چڑھتا ہے


ویب ڈیسک May 12, 2019
اولاد کے لیے ماں خالق کائنات کا ایک معجزہ ہے، فوٹو: فائل

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا دن منایا جارہا ہے۔

ہر سماج، قوم، قبیلے اور مذہب میں والدین کو بنیادی اور کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ ماں کا مرتبہ دنیا بھر میں تسلیم شدہ ہے۔ اسے کسی بھی گواہی کی ضرورت نہیں ہے کہ سچائی، اخلاص، ایثار کا مجسم ہے ماں! ماں کا چہرہ دنیا کا سب سے حسین چہرہ ہے کہ جسے دیکھنا خالق کائنات زیارت کعبہ کے مترادف قرار دیتا ہے. ماں وہ ذات ہوتی ہے جو نسل انسانی کو ناصرف آگے بڑھاتی ہے بلکہ اس کی گود ہی انسان کی پہلی تعلیمی درس گاہ ہوتی ہے۔

اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق 1967 سے ہر سال مئی کے دوسرے اتوارکو تمام رکن ممالک میں ماؤں کی عظمت، ان کی اہمیت وافادیت، ان کے حقوق کو اجاگر کرنے کیلیے ورلڈ مدرز ڈے منایا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماں کی عظمت کے حوالے سے سرکاری وغیر سرکاری سطح پر تقریبات منعقد کی جارہی ہیں، جس میں ماں کی ممتا کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد ماں کے مقدس رشتے کی عظمت و اہمیت کو اجاگر کرنا اور ماں کے لئے عقیدت، شکر گزاری اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ اس دن بچے اپنی ماں کو خوش کرنے کے لئے خاص اہتمام بھی کرتے ہیں۔ وہ اپنی ماں کوتحائف بھی پیش کرتے ہیں جوروایتی پھولوں سے لےکر تہنیتی کارڈزاورقیمتی چیزوں تک محیط ہوتے ہیں۔

ترجمان پاک فوج

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر ٹوئٹ کی ہے کہ ماں پیار، خیال، حفاظت اور بےلوث ہونے جیسے لافانی احساسات کا نام ہے۔ ماں صرف ایک مادی رشتے کا نام نہیں، اگر ایسا ہوتا تو ان کے جانے سے یہ رشتہ ختم ہو جاتا۔ آج کے دن تمام ماؤں بالخصوص ہمارے بہادر شہدا کی بہادر ماؤں کو سلام۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔